• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: طلعت عمران

حسبِ روایت، عیدالفطر کے موقعے پر، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کا گویا ایک انبار سا لگ گیا۔ تو لیجیے، آپ کی خواہشوں، اُمیدوں، خوشیوں اورنیک تمنّاؤں کی یہ صندوقچی کھول کرآپ ہی کے سامنے رکھے دے رہے ہیں۔ ملاحظہ فرمائیے، اپنے پیاروں کے نام پیغامات کا پہلا حصّہ۔

(اہلِ خانہ کے لیے)

شریکِ حیات پروین سلام، بہو رمشا ابرار، بیٹے محمّد ابرار، محمّد بلال، عبید رضا، پوتیوں عریبہ ابرار، حورین ابرار، نواسے محمّد اذان اور بیٹی عدینہ فیضان کو میری طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عیدالفطر مبارک ہو۔ (محمّد سلام معرفت عبدالرزاق، مؤذن مدینہ مسجد، بنگالی کالونی، لطیف آباد، حیدر آباد کا پیغام)

( والد (مرحوم) کے نام)

ہمارے والد مرحوم علم و حکمت کامنبع، اسلامی روایات کےعَلم بردار اور خداداد صلاحیتوں کے حامل ایک ہمہ جہت شخص تھے۔ وہ پورے خاندان کا نیوکلیئس اورصبرواستقامت کا استعارہ تھے۔ انکساری، صلۂ رحمی اُن کی شخصیت کا جزوِلاینفک تھی۔ اُنہوں نےاپنی اولاد کی پرورش رزقِ حلال سےکی اورمعاشرےکےمفلس و نادار افراد کی بھی ہرممکن مدد کرتے۔ 

وہ 25 نومبر 2024ء کو خالقِ حقیقی سے جا ملے اور اُن کے بغیر ہماری عید بہت سُونی اور بےرونق گزرے گی۔ ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کی بشری کوتاہیاں معاف فرما کےجنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ (آمین) (محمّد حارث، مسزحارث اور اہلِ خانہ، میلسی سے)

(بچّوں کے نام)

عیدالفطر کے پُرمسرّت موقعے پر مَیں اپنے تینوں بچّوں محمّد عُمیر (مقیم جرمنی)، محمّد یاسر اور سمیعہ (مقیم آسٹریلیا) کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ (اسلم قریشی، آٹوبھان روڈ، ٹھنڈی سڑک، حیدرآباد کی اپنائیت)

(محمود میاں نجمی کے لیے)

ڈیئرمحمود میاں نجمی! تم کہاں ہو بھئی، کیسے ہو؟ ایک مرتبہ تم نے کہا تھا کہ ’’مَیں بیماریوں میں خُودکفیل ہوگیا ہوں۔‘‘ مُجھے احباب نے بتایا کہ تم ایک سال سے سن ڈے میگزین سے بھی غائب ہو۔ مجھ سے تمہارا فون نمبر مِس ہوگیا، ورنہ مَیں براہِ راست ہی رابطہ کرلیتا۔ تمہارے بقول، جنگ، سن ڈے میگزین تو تمہاری فیملی کی طرح ہے، تو پھر اُس سے اتنی طویل دُوری کیوں؟ 

میاں جی! تم جو کچھ بھی لکھتے ہو، اپنے قارئین کے لیے لکھتے ہو۔ دُنیا بھر میں لوگ تمہاری تحریروں کے منتظر رہتے ہیں، حتیٰ کہ غیرمسلم بھی یہ نگارشات بصد شوق پڑھتے ہیں اور دِین کی یہ خدمت تمہارے لیے زادِراہ، صدقۂ جاریہ ہے۔ اُمید ہےکہ جلد ہی کسی نئے سبق آموز سلسلے کے ساتھ دوبارہ نظر آؤ گے۔ بہرکیف، میری طرف سے تمہیں عیدالفطر بہت بہت مبارک ہو۔ (پروفیسر سیّد منصور علی خان کا سندیسہ)

(رانا محمّد المیر کے نام)

میرے بہت پیارے پوتے! تمہیں میری طرف سے عید کی بہت بہت مبارک باد کہ تمہارے ہی دم قدم سے اس گھر کی سب رونقیں قائم ہیں۔ یوں ہی نِت نئی شرارتیں، حرکتیں کر کے گھر کی رونق دوبالا کرتے رہو۔ اللہ رب العزت ہمیشہ تمہیں اپنی حفظ وامان میں رکھے۔ سدا یونہی چہکتے، مہکتے رہو۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، فیصل آباد کا محبّتوں سے معمور پیغام)

(ضیاء الحق قائم خانی کے لیے)

ہم سب کی جانب سے ضیاءالحق قائم خانی کو سعادتِ عُمرہ اور عیدالفطر بہت بہت مبارک ہو۔ (اویس، اُسامہ، حنظلہ، عمران، احسن، حارث، خضر، سفیان، ریان، معاذ، دانیال، اسد، عمار، عزیر، زین، ضرار، طلحہٰ، وقار، سیف اللہ، ذاکر، آصف، مدثر، عارف، شاہد، عابد، عاصم، علی، بلال، وقاص، عباس اور حمزہ ، جھڈو، ضلع میرپورخاص کی جانب سے)

(دوستوں کے لیے)

عزیز ازجان فیروز خان اور میرے تمام دوستوں کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک ہو۔ سدا خوش باش، پھُولوں کی طرح ہنستے مسکراتے رہو۔ (سعید احمد خانزادہ، سکرنڈ، ضلع شہید بےنظیرآباد کا پیغام)

(عالمِ اسلام کے نام)

؎ وفا کا سندیس لے کر اُترے تیرے آنگن میں … گواہ رفاقتوں کا، محبّتوں کا بن کر ہلالِ عید … تمام روز وشب یونہی فروزاں رہیں ہر دَم … ہر شب شبِ بارات ہو، ہر روز روزِ عید۔ (پرنس افضل شاہین، بہاول نگر کی جانب سے )

(ڈائریکٹر جنرل نیپا، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے لیے)

اوروں کی خوشیوں میں راضی، خوش باش، خوش بخت، خوش بیاں، خوش خصال، خوش خلق، خوش طبع، خوش مزاج، خوش مذاق، خوش قسمت اور خوش و خرم ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک۔ ؎ جن سے مل کر زندگی سے عشق ہوجائے وہ لوگ … آپ نے شاید نہ دیکھے ہوں، مگر ایسے بھی ہیں۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّو، میر پور خاص سے)

(قومی کرکٹر، شاہین شاہ آفریدی کے نام)

میری طرف سے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو عید کی بہت بہت مبارک باد۔ میری پُرخلوص دُعا ہے کہ اُن کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہو اور وہ قومی کرکٹ ٹیم کی کام یابیوں میں اپنا حصّہ ڈالتے رہیں۔ (چوہدری قمرجہاں علی پوری، لوہاری گیٹ، ملتان کی نیک تمنّائیں)

(اپنی بچھڑی پیاری سہیلیوں کے نام)

میرے اسکول کے تمام سہیلیوں کو، جو جو مُجھ سے جدا ہو چُکی ہیں، میں دل کی گہرائیوں سے عید کی بہت مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ (اطروبہ عدنان خانزادی، سکرنڈ، ضلع شہید بےنظیرآباد کی طرف سے)

(اہلِ خانہ کے لیے)

میرے عزیزاز جان نواسے، پوتیوں، پوتوں، بیٹی، داماد، بہوؤں، بیٹوں اور میری شان اور میرا مان میرے مجازی خدا کو دل کی گہرائیوں سے عیدِ سعید کی ڈھیروں مبارک باد قبول ہو۔ (معصومہ منصور، حیدرآباد کا پیغام)

( کہکشاں سحرخان (مرحومہ)کے نام)

مرحومہ کہکشاں سحر خان، لاہور کے ادبی و سماجی حلقوں کاایک معتبر نام تھا۔ وہ سحر انگیز شخصیت کی مالک ہونےکے علاوہ انتہائی نیک دل خاتون تھیں اور ایک فلاحی ادارے کی روحِ رواں بھی تھیں۔ 

وہ عین جوانی میں اس دارِ فانی سے کُوچ کرگئیں۔ عیدالفطر کے موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کے کارِخیر کے بدلے اُنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (آمین) (محمّدصفدرخان ساغرؔ، راہوالی، گوجرانوالہ کی طرف سے)

(اہلِ وطن کے نام)

میری طرف سے تمام اہلِ وطن خصوصاً روزنامہ جنگ کے تمام اسٹاف اور ایڈیٹر سن ڈے میگزین کو عید مبارک۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دین و دُنیا کی تمام کام یابیاں نصیب فرمائے اور ہمارے پیارے وطن کو ہمیشہ شاد و آباد رکھے۔ (صبور مشتاق حسین، کراچی کی طرف سے)

(ٹیم ’’القدس‘‘ کے لیے)

یہ عید، بالخصوص مَیں اپنے اُن مسلمان بہن بھائیوں کے نام کرتی ہوں کہ جنہوں نے ’’القدس‘‘ کے پلیٹ فارم سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے نہ صرف بھرپور آواز اُٹھائی، بلکہ کوشش، جدوجہد اور اُن کی ہرممکن مدد بھی کی۔ ’’القدس‘‘ کی پوری ٹیم کو میری طرف سے عید کی ڈھیروں مبارک باد قبول ہو۔ (زوجہ فہیم قریشی، ہیرآباد، حیدرآباد کا پیغام)

والدِ محترم سیّد سردار حسین نقوی مرحوم و مغفور کے نام

پیارے بابا! عید کے موقعے پررضا سرسوی کا خُوب صُورت کلام آپ کی نذر کرنا چاہوں گا۔ ؎ دن ڈھلے جب کرکے مزدوری رضا آتا ہے باپ … دیکھ کر ہنستے ہوئے بچّوں کو سُکھ پاتا ہے باپ … سامنے آنکھوں کے جس بیٹے کے مرجاتا ہے باپ … لمحہ لمحہ زندگی بھر اُس کو یاد آتا ہے باپ … قدروقیمت جب پتا چلتی ہے ماں اورباپ کی … جب خدا کے فضل سے انسان بن جاتا ہے باپ … ایسا لگتا ہے کہ جیسے چل رہی ہے کائنات … گُھٹنوں چلتے ہوئے بچّے کو جب پاتا ہے باپ … ہرتمنّا، ہر خوشی، کُل حسرتیں، ہر آرزو …اپنے بچّوں کی خوشی کے نام کر جاتا ہے باپ … پوری کرنے خواہشیں اپنے جگر کے چَین کی … اپنی ساری زندگی قربان کرجاتا ہے باپ۔‘‘ (سیّد ذوالفقارحسین نقوی، علی ہائٹس، نیو رضویہ سوسائٹی، کراچی کا خراجِ عقیدت)

( پیاروں کے نام)

مَیں سات سمندر پار سے اپنے پیارے پاکستانی رشتےداروں، دوست احباب اور خیرخواہوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سےعیدِ سعید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ دلی دُعا ہے کہ پاکستان سے جلد ازجلد منہگائی کا خاتمہ ہو اور اہلِ پاکستان کو سچّی خوشیاں نصیب ہوں۔(آمین) (قاسم عبّاس، ٹورنٹو، کینیڈا کی طرف سے)

(استادِ محترم سر زیب کے لیے )

پیارے استادِ محترم سر زیب اور اُن کی پوری فلکیاتی ٹیم کو تہہ دل سےعید مبارک۔ (فرہاد علی قریشی، حیدرآباد کی جانب سے)

(اہلِ فلسطین کے نام)

یہ عید اُن تمام فلسطینی مسلمانوں کے نام کہ جو ظلم و ستم کی انتہا میں بھی مسکراہٹ کے ساتھ صبرواستقامت، ہمّت و حوصلے کا پیکر بنے رہے اوراُن کی زبانوں سے ہمیشہ ’’اللہ اکبر‘‘ کا نعرہ بلند ہوتا، ورد جاری رہا۔ میری طرف سے تمام فلسطینی مسلمانوں کو عیدِ سعید مبارک ہو۔ (بنتِ عبّاس علی قریشی، حیدرآباد کا پیغام )

(عظمیٰ گُل دُخترجنرل (ر) حمید گُل کے نام)

فیک نیوز اور پراپیگنڈے کے موجودہ دَور میں آپ سچّائی بیان کر کے بہت بڑا ’’جہاد‘‘ کر رہی ہیں۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو یہ جہاد جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور وطنِ عزیز کو ہر آفت اور دشمن کی نظرِبد سے محفوظ رکھے۔ آپ کو میری طرف سے عیدالفطر بہت بہت مبارک ہو۔ (مبارک علی ثاقب، سیٹلائٹ ٹاؤن، راول پنڈی کی طرف سے)

(رانا غلام شبّیر اور اُن کی اہلیہ کے نام)

عید کے اس پُرمسرّت موقعے پر آپ کو کن الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کروں۔ لفظ جگنوؤں کی طرح میری نگاہوں کے سامنے ٹمٹما رہے ہیں، لیکن بخدا آپ کی خدمات کے مقابل ہر لفظ کی روشنی کم ہے۔ 

چنیوٹ اور فیصل آباد کے سنگم پر آپ کی کوششوں سے فاسٹ یونی ورسٹی کا کیمپس قائم ہوا، جس سے عوام کو تعلیم اور روزگار کی سہولت میسّر آئی۔ نیز، آپ دونوں کی مزید خدمات بھی بہت ہیں۔ 

بلاشبہ آپ ہمارے لیے شجرِ سایہ دار کی مانند ہیں۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس شجر کو ہمیشہ سرسبز رکھے۔ میری طرف سے آپ کو دلی عیدالفطرمبارک ہو۔ وہ کیا ہے کہ ؎ ڈھونڈو گے ہمیں مُلکوں مُلکوں… ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم۔ (مصباح طیّب اور چنیوٹ کی کمنگربرادری کی طرف سے ہدیۂ تہنیت)

(پاکستانیوں کے نام)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایک بار پھر ہمارے لیے خوشیوں بَھرا دن آیا ہے۔ عیدالفطر ہمیں محبّت، بھائی چارے، اور قربانی کا درس دیتی ہے۔ یہ دن صرف خوشی منانے کا نہیں بلکہ دوسروں کے چہروں پرمسکراہٹ بکھیرنے کا بھی ہے۔ آئیے، اس موقعے پر اپنے اُن بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھیں کہ جو کسی وجہ سے ان خوشیوں سے محروم ہیں۔ 

غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھیں، کیوں کہ حقیقی خوشی، دوسروں کی خوشی ہی میں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمیشہ محبّت، امن اور اتحاد کے ساتھ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میری طرف سے تمام پاکستانیوں کو عیدالفطر کی دلی مبارک باد قبول ہو۔ (اقبال شاکر، میاں والی کی طرف سے)