بلوچستان کے ضلع نوشکی میں غریب آباد کے قریب پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ گشت کررہی تھی، جاں بحق پولیس اہلکاروں کی میتیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔
جاں بحق پولیس اہلکاروں کے نام ہیڈ کانسٹیبل نذیر احمد، کانسٹیبل منظور احمد، کانسٹیبل عبد الکریم اور کانسٹیبل عبدالقاہر بتائے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اظہار مذمت
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ نوشکی میں پولیس موبائل پرحملہ قابل مذمت ہے، منگچر میں چار مزدوروں کا قتل وحشیانہ کارروائی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس اہلکاروں اور بےگناہ مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، خون بہانے والوں کو بلوچستان میں چھپنےنہیں دیں گے، سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔