کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے موقع پر مجھے اختتامی تقریب کے لئے اسٹیج پر نہ بلانا آئی سی سی کی جانب سے بد انتظامی تھی۔ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی لیکیج کے لئے ٹھیکیدار سے نقصان کا ازالہ کرنے کا کہا ہے روف ٹریٹمنٹ میں کوتاہی ہوئی ہے۔پی سی بی چیئرمین کے مشیر عامر میر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے پی سی بی نے چیئرمین کی جگہ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کی نامزدگی کی تھی۔اختتامی تقریب میں پاکستان کے نمائندے کواسٹیج پر نہیں بلایا گیا حالانکہ ہم میزبان تھے۔ہمارے احتجاج پر آئی سی سی نے جو جواب دیا اس سے پی سی بی مطمئن نہیں تھا۔بھارت نے اگر پاکستان کو مالی طور نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے تو انہیں بھی نقصان ہونے جا رہا ہے پاکستان کے بھارت نہ جانے سے انہیں بھی نقصان ہوگا۔