کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈر 19ایشیا کپ میں بھارت کو دھول چٹانے والے لٹل چیمپئنز کا وطن پہنچنے پر بے مثال استقبال کیا گیا، شائقین نے بھنگڑے ڈالے اور محبت کے پھول نچھاور کیے ۔ اس موقع پر ٹیم کے مینٹور اور سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشا کپ فائنل کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ مناسب نہیں تھا۔ میں نے اپنے کھلاڑیوں کو اسپورٹس مین اسپرٹ برقرار رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ فی الحال مینٹور کی ذمہ داری نبھانا ہی کافی ہے، ورلڈ کپ سے قبل ایسی فتح یقیناً اعتماد میں اضافہ کرتی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ وہ پیر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ قبل ازیں پیر کی علی الصبح ایشین انڈر 19چیمپئن ٹیم اسلام آباد پہنچی۔ ہیروز کا جگہ جگہ زبردست استقبال کیا گیا۔ شائقین اپنے ساتھ ڈھول بھی لائے تھے، کھلاڑیوں کو ڈبل ڈیکر بس پر ہوٹل پہنچایا گیا۔ فاتح کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور خوب بھنگڑے ڈالے۔ ایئرپورٹ کے باہر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، اس دوران فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر پی سی بی حکام استقبال کیلئے موجود رہے۔ ائیرپورٹ سے تمام کھلاڑیوں کو وی آئی پی پروکوٹول میں مقامی ہوٹل پہنچایا گیا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا میچ کے حوالے سے بھارت کا رویہ غیر اخلاقی تھا، لیکن ہم نے فتح کی خوشی اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ منائی۔ پریس کانفرنس میں انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ ٹیم نے منظم اور بھرپور تیاری کی تھی۔ کھلاڑیوں نے حکمتِ عملی کے مطابق کھیل پیش کیا، جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔ ایشیا کپ کیلئے70 لڑکے شارٹ لسٹ کئے، 30 کھلاڑیوں کا پانچ ماہ کیمپ لگایا، ہم نے بے خوف کرکٹ‘ کھیلنے کا پلان بنایا تھا، یونیٹی اور ڈسپلن کو یقینی بنایا۔