لاہور کے علاقے کاہنہ میں سرکاری زمین پر قبضہ واگزار کروانے کے دوران مزاحمت پر پی ٹی آئی رہنما اور پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے، وکیل کی گرفتاری پر وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے فیروز پور روڈ بلاک کر دی۔
پولیس کے مطابق محکمہ ریونیو کی درخواست پر ناجائز قبضہ واگزار کروایا جا رہا تھا، جس پر قابضین نے مزاحمت کی۔
جھگڑے میں پی ٹی آئی رہنما ضمیر جھیڈو ، ماڈل ٹاؤن بار کے نائب صدر وقاص کاہلوں اور پولیس چوکی انڈسٹریل ایریا کے انچارج سب انسپکٹر ندیم زخمی ہو گئے۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما ضمیر جھیڈو اور وقاص کاہلوں ایڈووکیٹ سمیت 9 افراد کو حراست میں لے لیا، جس پر وکلا تھانہ کاہنہ کے باہر مین فیروزپور روڈ پر جمع ہو گئے اور ٹائر جلا کر پولیس کیخلاف احتجاج شروع کر دیا۔