بھارتی شخص نے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ کر اپنے پیٹ کا خود ہی آپریشن کر ڈالا، بعد ازاں نوجوان کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر متھرا سے تعلق رکھنے والا 32 سالہ راجہ بابو پیٹ کی شدید تکلیف میں مبتلا تھا، راجہ نے اپنی تکلیف سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے ڈاکٹر سے علاج کروایا لیکن تکلیف میں آرام نہ آنے پر تنگ آ کر اس نے اپنا علاج خود ہی کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق راجہ نے یوٹیوب پر پیٹ کے آپریشن کی مختلف ویڈیوز دیکھیں اور اپنا آپریشن خود کرنے کا ذہن بنا لیا، راجہ نے اپنے آپریشن کے لیے باقاعدہ میڈیکل اسٹور سے ادویات سمیت ضروری چیزیں بھی خریدیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجہ بابو نے گزشتہ ہفتے اپنے کمرے میں پیٹ کا آپریشن شروع کیا، تھوڑی دیر بعد بے ہوشی کا اثر ختم ہونے پر اسے شدید تکلیف ہونے لگی جس کے نتیجے میں وہ چیخنے چلانے پر مجبور ہو گیا، بیٹے کو تشویش ناک حالت میں دیکھ کر اس کے اہلِ خانہ اسے فوری پر ضلعی اسپتال لے گئے۔
راجہ بابو کے اہلِ خانہ کے مطابق ضلعی ڈاکٹرز نے ان کے بیٹے کو ابتدائی طبی امداد تو دی لیکن اسپتال میں داخل کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد وہ اپنے بیٹے کو شہر کے دوسرے اسپتال لے گئے۔
ڈاکٹرز کا کہناہے کہ راجہ نے اپنے پیٹ پر 7 انچ گہرا کٹ لگایا تھا اور پھر اسے خود سینے کے لیے 11 ٹانکے بھی لگائے۔