مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت نے امور میں بہتری لانے پر مولانا عبدالخبیر آزاد کی خدمات کو سراہا۔
ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیرِ اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔
اس موقع پر امن و امان کی صورتِ حال، ملک کو درپیش چیلنجز، اتحاد، یگانگت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سمیت دیگر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، باہمی اتحاد کی قوت سے ہی ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد کی جتنی آج ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہے۔
علماء و مشائخ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی، انتہا پسندی سے نجات دلانےکے لیے علماء اور مشائخ کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے، یہی وقت کی ضرورت ہے کہ محراب و منبر سے اتحاد کے فروغ کی آواز بلند ہو، علما، مشائخ، دینی اسکالرز معاشرے میں برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کا گھر وحدت کی علامت ہے جہاں سے سب رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔
ملاقات میں صوبائی وزیرِ اوقاف نے بتایا کہ محکمۂ اوقاف و مذہبی امور کے پورے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔