• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 8 اپریل سے ہونگے: ناظم امتحانات ظہیر بھٹو

ناظم امتحانات ظہیر بھٹو—جنگ فوٹو
ناظم امتحانات ظہیر بھٹو—جنگ فوٹو

کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2025ء کا آغاز 8 اپریل سے ہو گا۔

نمائندۂ ’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظمِ امتحانات ظہیر بھٹو نے کہا ہے کہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر شرف علی شاہ کی ہدایت پر میٹرک کے امتحانات کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ناظمِ امتحانات کا کہنا ہے کہ میٹرک بورڈ کراچی کے تحت 8 اپریل سے ہونے والے امتحانات میں تقریباً 3 لاکھ 79 ہزار امیدوار شریک ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بورڈ آفس کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے جہاں سے امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اپنے اپنے مراکز کے مہر بند پیکٹس وصول کریں گے۔ 

ظہیر بھٹو نے کہا ہے کہ اس سال امتحانی مراکز کی تعداد تقریباً 520 مقرر کی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے دیے گئے تمام سرکاری اسکولوں کو امتحانی مرکز بنایا گیا، تاہم کچھ سرکاری اسکول جہاں فرنیچر نہیں تھا وہاں امتحانی مرکز نہیں بنایا گیا ہے۔

ناظمِ امتحانات نے کہا کہ ایک امتحانی مرکز سینٹر جیل کے اندر بھی بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سائنس کے پرچے صبح ساڑھے 9 بجے جبکہ دوپہر کے ڈھائی بجے ہوں گے، حب سینٹرز کی تعداد 19 ہے جو کراچی کے مختلف 18 ٹاؤنز میں قائم کیے گئے ہیں۔

ظہیر بھٹو نے بتایا ہے کہ بورڈ آفس کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے، حساس امتحانی مراکز 5 ٹاؤنز میں ہیں جن میں لانڈھی، لیاری، اورنگی، بلدیہ اور کیماڑی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر اسکولز، ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈی ای اوز کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز کی ویجیلنس ٹیمیں اور ان کے افسران 50 ہیں اور بورڈ کے افسران پر اعلیٰ سطح کی ویجیلنس ٹیمیں 20کے قریب تشکیل دی گئی ہیں، ان کے علاوہ سینئر اساتذہ کرام پر مشتمل ویجیلنس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو امتحانات کے دوران سینٹر پر موجود رہیں گی۔ 

ظہیر بھٹو نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز کے اندر موبائل فون لانا سختی سے منع ہو گا، امتحانی مراکز کے اطراف میں امتحان کے دوران فوٹو اسٹیٹ مشینیں استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کے ضمن میں کمشنر کراچی کو خط لکھا جائے گا جس میں ان سے درخواست کی جائے گی کہ سینٹر کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی جائے، اس کے علاوہ کے الیکٹرک کو امتحانات کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں خط ارسال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے تمام طلباء و طالبات اور اساتذہ کی آسانی کے لیے آن لائن کمپیوٹرائزڈ ایڈمٹ کارڈز پورٹل پر اپ لوڈ کر دییے ہیں۔ 

ناظمِ امتحانات ظہیر بھٹو کے مطابق اگر کسی اسکول کو آن لائن ایڈمٹ کارڈ نکالنے میں کوئی پریشانی آ رہی ہے تو اسکول سربراہان یا ان کے مجاز نمائندے اپنے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ بورڈ آفس میں کمرہ نمبر 24 سے ایڈمٹ کارڈ کی PDF حاصل کر سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید