• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں پانی کی شدید کمی، نئے کینالوں کیخلاف سکھر بیراج پر احتجاجی ریلی

ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ کی سربراہی میں دریائے سندھ میں پانی کی شدید کمی اور نئے کینالوں کے خلاف سکھر بیراج پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، دریائے سندھ میں گلاب کے پھولوں کی پتیاں ڈالی گئیں۔

اس سے قبل قحط سالی کے خاتمے کےلئے خصوصی اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔

بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے، اللّٰہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائیں، تربیلا ڈیم ڈیڈ لیول پر پہنچ گیا ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی لیول دو فیصد رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج پر پانی کی قلت کا 40 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور پانی کی کمی 63 فیصد پر پہنچ گئی ہے، گڈو بیراج سے نکلنے والی بیگاری فیڈر اور رینی کینال بند پڑی ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال کی گنجائش 13275 کیوسک ہے، جس میں پانی کا بہاؤ 1891 کیوسک ہے، پٹ فیڈر کینال میں 69 فیصد پانی کی کمی ہے، گھوٹکی فیڈر میں 23 فی صد پانی کی کمی ہے اور اس وقت بہاؤ 1544 کیوسک تک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج سے نکلنے والی نارتھ ویسٹ کینال پر 65 فیصد کمی ہے اور 1100 کیوسک بہاؤ ہے، رائس کینال بند کردیا گیا ہے، دادو کینال پر 86 فیصد پانی کم ہے اور اس وقت 400 کیوسک لیول پر بہہ رہا ہے۔

میئر سکھر نے کہا کہ نارا کینال گنجائش سے 55 فیصد کم لیول پر ہے اور کینال پر 3750 کیوسک پانی کا بہاؤ ہے، خیرپور ایسٹ میں 800 کیوسک پانی کا بہاؤ ہے، جو 47 فیصد کم ہے، روہڑی کینال میں 67 فیصد کم پانی بہہ رہا ہے، اس وقت روہڑی کینال پر 3750 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ خیرپور ویسٹ کینال میں 43 فیصد پانی کی کمی ہے اور 760 کیوسک پانی کا بہاؤ ہے، کوٹری بیراج پر بھی پانی کی شدید قلت ہے اور پانی کی 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی اور نئے کینالوں کی تعمیر کے حوالے سے ہم نے آج اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، عوامی اجتماع سکھر بیراج کے سامنے روڈ پر منقعد کیا گیا، اس اجتماع کا سکھر بیراج کے سامنے منقعد کرنے کا مقصد یہ تھا کہ سندھ کے لوگ 6 کینال منصوبہ مسترد کرتے ہیں، ہم سب مل کر درخت لگائیں اور پانی کے استعمال کو جدید تقاضوں کے مطابق بنائیں۔

ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے مزید کہا کہ ملک میں پانی کی تقسیم کا موثر نظام بنایا جائے تاکہ پانی کی بچت ہو سکے، وفاقی حکومت کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا کہ 6 کینالوں کے منصوبے کو فی الفور مسترد کرے۔

قومی خبریں سے مزید