کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج،وزیر اعظم کی جانب سے بجلی ٹیرف میں کمی کے مثبت اثرات،تمام اہم سیکٹرز میں خریداری سے مارکیٹ میں زبردست تیزی،کے ایس ای100 انڈیکس میں1131پوائنٹس کا اضافہ،118938 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، 58.11فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 116ارب80کروڑ5ہزار روپے کا اضافہ، کاروباری حجم بھی 28.09فیصد زیادہ رہا،تفصیلات کے مطابق عید تعطیلات کے بعد جمعرات کو ٹریڈنگ کے آغاز پر امریکن صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد ٹیرف کے اثرات نظر آئے اور100انڈیکس میں 298 پوائنٹس تک کی مندی ریکارڈ کی گئی لیکن بعد ازاں بجلی ٹیرف میں بڑی کمی کی اطلاعات پر صورتحال تبدیل ہو ئی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 1373 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا تاہم اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1131.36پوائنٹس کے اضافے سے 117806.75 پوائنٹس سے بڑھ کر 118938.11 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر آکر بند ہوا۔