اپنے پالتو بچھڑے کی وجہ سے کرایے کے مکان سے بار بار نکالا جانے والا چینی شہری اپنے جانور کو پالنے کا عزم لیے ایک گھر سے دوسرے گھر میں رہنے پر مجبور ہے جبکہ اس کا کہنا ہے کہ وہ بچھڑے کو گھر میں پال رہا ہے، اس کےلیے وہ ہار نہیں مانے گا۔
چین کے صوبہ گوانگڈونگ کے شہر فوشان سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سابق باکسر چن حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، لیکن اس کی وجہ ان کی کی کوئی فائٹ نہیں بلکہ ایک انوکھا پالتو جانور ہے۔
یہ جانور ایک بچھڑا ہے، جسے وہ ناصرف گھر میں رکھتا ہے بلکہ اسے نہلاتا، کھلاتا، سیر کرواتا اور کپڑے بھی پہناتا ہے۔
چن، جو اس وقت جز وقتی طور پر باکسنگ اور فٹنس کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں، رواں سال یکم جنوری میں یہ جانور گھر لائے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اصل میں کتا پالنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن بعد میں انہیں بھینس پالنا زیادہ بہتر لگا۔ چن کے مطابق یہ بھینس انہیں یاد دلاتی ہے کہ وہ زندگی کے مقاصد کےلیے سخت محنت کریں، لیکن خود کو محض ’کام کا جانور‘ بننے سے بچائیں۔
چن نے اپنے پالتو بچھڑے کا نام نیومو وانگ رکھا ہے جو چینی لوک کہانیوں میں ایک طاقتور کردار کا نام ہے۔ وہ کہتے ہیں، "میں اسے بہت چاہتا ہوں۔ اگر محبت سچی ہو، تو اس کے ساتھ جڑی ہر مشکل برداشت کی جا سکتی ہے۔"
اب تک چن کو دو مختلف کرایہ داروں نے مکان سے محض بچھڑا پالنے کی وجہ سے نکال دیا، لیکن وہ اپنی ضد پر قائم ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ نیومو وانگ کو کبھی نہیں چھوڑیں گے اور اب کسی اور کرایے کے مکان کی تلاش میں ہیں۔