امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 180 عالمی تجارتی شراکت داروں پر عائد جوابی ٹیرف کے بعد ڈیموکریٹک کی سابق صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی پیش گوئی سچ ثابت ہوگئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کملا ہیرس کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں 2024ء کے صدارتی انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران امریکی عوام سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ وائرل ویڈیو میں سابق ڈیموکریٹک امیدوار نے خبردار کیا تھا کہ بلند ٹیرف استعمال کرنے کا ٹرمپ کا اقتصادی منصوبہ معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔
صرف یہی نہیں بلکہ انتخابات سے قبل 2024ء میں اقتصادی ماہرین نے بھی اسی قسم کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
کملا ہیریس نے خبر دار کرتے ہوئے اپنی انتخابی تقریر میں کہا تھا کہ اقتصادیات میں نوبیل انعام جیتنے والے 16 ماہرین نے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے محصولات افراط زر کا باعث ہوں گے اور وفاقی خسارے کو بڑھا دیں گے جبکہ میرے منصوبے کا نتیجہ ایک مضبوط معاشی کارکردگی کا باعث بنے گا جس میں اقتصادی ترقی زیادہ مضبوط، زیادہ پائیدار اور زیادہ منصفانہ ہوگی۔
ان کے مطابق اقتصادی ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹیرف اور جوابی ٹیرف عائد کرنے سے امریکی صارفین کے لیے 20 فیصد قیمتیں بڑھیں گی، ملازمتوں میں کمی واقع ہوگی اور کاروبار سست ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2 اپریل کو 180 عالمی تجارتی شراکت داروں پر عائد جوابی محصولات کے بعد سے عالمی تجارتی مارکیٹ میں کافی افراتفری ریکارڈ کی گئی ہے۔
صرف 2 اپریل کو ہی امریکی صدر کی تقریر کے دوران چند سیکنڈز میں 2 ٹریلین ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا۔