لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والی 3 مسافر خواتین پر کسٹمز ڈیوٹی کے تنازع پر کسٹمز کی خواتین اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا، ایک مسافر خاتون کو بال پکڑ کر گھسیٹا ، کسٹمز حکام نے مقدمہ درج کرواکے گرفتار بھی کروا دیا، عدالت نے ایف آئی آر خارج کرکے تینوں خواتین کو بری کردیا۔
راس الخیمہ سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لاہور آنے والی تین مسافر خواتین نور فاطمہ،ثمن اور علیشہ کو کسٹمز کی خواتین اہلکاروں نے سامان کی چیکنگ کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کے تنازع پر تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران سپرنٹنڈنٹ کسٹم سمیت دیگر مرد اہلکار بھی موقع پر موجود تھے۔
کسٹمزحکام نے مسافرخواتین پر تشدد کے بعد الٹا ان پر مقدمہ درج کرواکے انھیں گرفتار بھی کروادیا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا کہ خواتین کے سامان سے 24 سیکیورٹی کیمرے اور بھارتی ملبوسات برآمد ہوئے جنھیں تحویل میں لینے پر تینوں خواتین طیش میں آگئیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کسٹمز حکام نے خود ہی طے کر لیا کہ کپڑے بھارتی ساخت کے ہیں اور پھر خواتین کو دھکے دینے شروع کر دیے، ایک خاتون کو زیادہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تینوں گرفتار خواتین کو پولیس نے لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے مقدمہ خارج کرکے خواتین کو بری کردیا، واقعہ سے متعلق موقف کے لیے کسٹمز حکام سے کئی بار رابطے کی کوشش کے باوجود کسٹمزحکام نے موقف نہیں دیا۔