عثمان خالد بٹ نے شادی سے متعلق سوالات پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی زندگیوں پر توجہ دیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ورسٹائل فنکار عثمان خالد بٹ نا صرف ایک باصلاحیت اداکار ہیں بلکہ مصنف، ہدایت کار اور کوریوگرافر کے طور پر بھی خود کو منوا چکے ہیں۔
انہوں نے عون زارا، چپکے چپکے اور دیارِ دل جیسے ہٹ ڈرامے دیے اور اپنی حاضر جوابی و ذہانت سے بھی لوگوں کے دل جیتے۔
اگرچہ عثمان خالد بٹ زیادہ تر ٹی وی اسکرین پر کم نظر آتے ہیں، مگر جب بھی اسکرین پر آتے ہیں، شاندار کارکردگی دکھاتے ہیں، وہ اپنے دوستوں اور خاندان کے خاص لمحات میں ہمیشہ خوشی خوشی شریک ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ایک بہترین دوست کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔
عثمان خالد بٹ اس وقت اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اپنے قریبی شوبز گروپ میں ان چند افراد میں شامل ہیں جو ابھی تک غیر شادی شدہ ہیں، ان کے مداح اکثر ان سے شادی کے بارے میں سوال کرتے ہیں اور عثمان ہمیشہ ان سوالات کا جواب اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں دیتے ہیں۔
حال ہی میں وہ ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں ایک بار پھر ان کی شادی کے موضوع پر گفتگو ہوئی، اس بار عثمان نے نہایت دو ٹوک اور سنجیدہ انداز میں جواب دیا کہ میں شادی نہیں کر رہا کیونکہ میں اس کے لیے کوئی کوشش ہی نہیں کر رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک non-conformist (یعنی روایتی سماجی تقاضوں سے ہٹ کر جینے والا) انسان ہوں اور صرف معاشرے کو خوش کرنے کے لیے شادی نہیں کروں گا۔
عثمان خالد بٹ نے انٹرنیٹ پر مسلسل شادی سے متعلق سوالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں تھک چکا ہوں کہ لوگ ہر وقت میری شادی کے بارے میں پوچھتے ہیں، انہیں اپنی زندگیوں پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ میری ذاتی زندگی میں دخل دینا چاہیے۔
ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
بہت سے لوگوں نے ان کے اس مؤقف کو خود مختاری اور ذاتی زندگی کے احترام سے متعلق قابلِ تعریف قرار دیا۔