عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا دوست کو وائس نوٹ بھیجنے میں ناکامی پر دلچسپ انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک نئی ریل شیئر کی ہے جس میں اُنہیں ایک خوبصورت آبشار کے سامنے کھڑے اپنے دوست کو بھیجنے کے لیے وائس نوٹ ریکارڈ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وہ وائس نوٹ ریکارڈ کرتے ہوئے پہلے ایک قہقہہ لگاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ یار میں نے کہا تھا، یہ بڑی فٹ جگہ ہے، یہاں بہت ساری زبردست جگہیں ہیں، پانی بھی بڑا زبردست ہے، زبردست لوگ بھی ہیں، کھانا بھی بہت اچھا ہے لیکن ان سب چیزوں کا تجربہ کرنے کے لیے تجھے ہونا چاہیے تھا۔
گلوکار کو ایک دو بار وائس نوٹ ریکارڈ کر کے بھیجنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد جھنجھلا کر سیاستدان شیر افضل مروت کا مشہور جملہ ’او وڑ گیا یار، نہیں جا رہا‘ بولتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔
ان کی یہ ریل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جو صارفین کی جانب سے بہت پسند کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین عاطف اسلم کی اس ریل پر دلچسپ تبصرے بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔