پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللّٰہ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر 6 نہریں نکالنے سے سندھ کی موت واقع ہوجائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں آغا رفیع اللّٰہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور بیرسٹر عمیر نیازی نے شرکت کی۔
اس موقع پر پی پی پی رہنما نے کہا کہ حکومت ہماری پارٹی کو ناراض کرنے پر تلی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی ہی ہے جس کی وجہ سے حکومت چل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ پر 6 نہریں نکالنے سے سندھ کی موت واقع ہوگی، اگر پی پی وفاقی حکومت سے نکل گئی تو ن لیگ کے ہاتھ بھی کچھ نہیں لگے گا۔
آغا رفیع اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی اب تک اپنے لوگوں کو سنبھال کر بیٹھی ہے، مائنز اینڈ منرل پر کوئی دو رائے نہیں کہ پرامن ماحول ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں دو بندرگاہیں ہیں ہم یہ نہیں کہتے ہماری ہیں پاکستان کی ہیں، پیپلز پارٹی پاکستان کو جوڑنے کی بات کرتی ہے ان کی طرح توڑنے کی نہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نہ پہلے بانی پی ٹی آئی سے ڈرتے تھے نہ اب ڈرتے ہیں۔