پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاو زلمی نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو ایمبیسیڈر مقرر کر لیا۔
صرف یہی نہیں بلکہ خصوصی شارٹ فلم ’زلمی ایکس لگیسی‘ اور 2 اینتھم ’دی جرنی ہوم‘ اور ’دی ڈسٹ وار‘ بھی جاری کر دیے۔
ویڈیو شییرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 8 منٹ 20 سیکنڈز کی خصوصی شارٹ فلم میں ماہرہ خان کے ساتھ بابر اعظم اور صائم ایوب بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
اس خصوصی شارٹ فلم میں پشاور زلمی کے 2 انتھم بھی شامل ہیں، جن میں پہلےکا ٹائٹل ’دی جرنی ہوم‘ ہے، اسے آئمہ بیگ، بلال آواز اور واجد لائق کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پشاور زلمی کا دوسرا انتھم ’دی ڈسٹ وار‘ التمش سیور، مصطفیٰ زاہد اور مصطفیٰ کمال خان نے گایا ہے، جبکہ دونوں انتھم کاشان داوڑ کی پیشکش ہیں۔
پشاور زلمی کے مطابق یہ شارٹ فلم پشاور زلمی کے پی ایس ایل میں 10 سالہ سفر، بے مثال میراث اور یلو اسٹورم کے غیر متزلزل جذبے کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا آغاز کل یعنی 11 اپریل سے ہو رہا ہے۔
پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 18 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا۔