ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی ایوی ایشن انٹیلی جنس ٹیم نے لاہور میں تحریری امتحانات کے دوران نئے طرز کے منظم اور ہائی ٹیک چیٹنگ گینگ کو بے نقاب کرکے پولیس کے حوالہ کر دیا۔
حکام کے مطابق اے ایس ایف ہر سال ملک کے مختلف ریکروٹمنٹ سینٹرز میں بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران نقل اور غیر قانونی ذرائع کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بناتی ہے۔
اس سال مورخہ 8 اپریل سے شروع ہونے والے بھرتی کے امتحان کے دوران اے ایس ایف کے عملے کی جسمانی اور سامان کی تلاشی میں مثالی مہارت اور استعداد کی بدولت متعدد امیدواروں سے نقل میں استعمال کیے جانے والے جدید الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے۔
اے ایس ایف انٹیلیجنس کی تفتیش سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مقتدر اداروں کی مدد سے امیدواروں کو غیر قانونی امداد فراہم کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے امیدواروں کو غیر قانونی سہولتیں فراہم کرنے کے عوض 2.5 لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک رقم وصول کرنے کا اعتراف کیا۔
نیٹ ورک کے سرغنہ سے برآمد ہونے والے کل 80 آلات میں اسمارٹ ڈیوائسز، سم کارڈز، مدر بورڈز، ایل سی ڈیز، مائیکرو فونز، اسمارٹ واچز، بلیو ٹوتھ ڈیوائسز اور موبائل فونز شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان اور ملوث امیدواروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کی یہ کارروائی ناصرف ملکی مفاد اور قومی سلامتی کے تحفظ کی علامت ہے بلکہ یہ شفافیت کے لیے غیر متزلزل عزم کی بھی عکاس ہے۔
اے ایس ایف ہمیشہ کی طرح میرٹ کو قائم رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔