کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی)نے مبینہ مقابلہ میں ایک ملزم کو ہلاک کرکےچھینی گئی گاڑی اور اسلحہ برآمد کرلی،ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق اے وی ایل سی کراچی کی ٹیم نے گل بہار کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ڈاکو ندیم احمد شیخ کو ہلاک کر دیا۔ مذکورہ ڈاکو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملیر سٹی سے ایک شہری کی گاڑی چھینی اور اُسے اغوا کر کے گرو مندر کے مقام پر چھوڑ دیا تھا۔اے وی ایل سی کی ٹیموں نے اطلاع ملنے پر گل بہار میں ناکہ بندی کی، جہاں ملزمان سے آمنا سامنا ہوا۔ پولیس مقابلے کے دوران ندیم احمد شیخ ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے۔دوسری جانب منگھوپیر پولیس نے ڈکیتی سے قبل واردات کی منصوبہ بندی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔