بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا مشہور کردار’چتر راملنگم‘ کا کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار اومی ویدیا بھی پاکستانی ڈراموں کے مداح نکلے۔
اومی ویدیا نے سوشل میڈیا پر رمضان اسپیشل پاکستانی ڈرامہ’عشق دی چاشنی‘ کی کاسٹ کے لیے ایک پیغام شیئر کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں اُنہوں نے ڈرامہ’عشق دی چاشنی‘ کی کاسٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ’ہیلو دوستو، مجھے پہچانا میں اومی ویدیا المعروف چتر راملنگم ہوں‘۔
بھارتی اداکار نے ڈرامے کی کاسٹ کے مرکزی کرداروں کا نام لے کر ان سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں نے اس ڈرامے میں بہت زبردست کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ رمضان اسپیشل ڈرامہ’عشق دی چاشنی‘ نجی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا جسے نا صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھارت میں بھی بہت پسند کیا گیا۔
اس ڈرامے میں اداکار خوشحال خان اور اداکارہ سحر خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔