وہاڑی کے نواحی علاقے رتہ ٹبہ میں ایئر فورس کا ایک تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے وقت طیارے میں 2 پائلٹ سوار تھے جو معمولی زخمی ہوئے، تاہم دونوں نے بروقت ایجیکٹ ہو کر اپنی جان بچا لی۔
طیارے کے گرنے کی زوردار آواز سن کر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔
مقامی لوگوں کے مطابق طیارہ ایک آئل ڈپو کے قریب گرا، مگر خوش قسمتی سے کوئی بڑا سانحہ رونما نہیں ہوا۔
حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم کسی شہری یا املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پیراشوٹ کے ذریعے کود جانے کے باعث دونوں پائلٹ محفوظ ہیں اور ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی وجہ فنی خرابی ہے، واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔