کراچی (بلا ل احمد، اسٹاف رپورٹر) ممتاز قانون دان و وائس چیئرمین سندھ بار کونسل بیرسٹر صلاح الدین احمد کا کہنا ہےکہ بارہ مئی کی تحقیقات ضروری ہونی چاہیے اور نہ صرف متحدہ قومی موومنٹ بلکہ اس وقت کے ہوم سیکرٹری اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بشمول سابق صدر پرویز مشرف کے کردار کو بھی بے نقاب کیا جانا چاہیے ۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ 12مئی 2007کے واقعے میں عدلیہ بھی براہ راست متاثر ہوئی لہذا عدلیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کرے جس کے لیے سپریم کورٹ کے پاس سوموٹو نوٹس کے ساتھ دیگر اختیارات بھی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈز سے جواب طلبی ضروری ہے کہ اس روز شاہراہوں کو بند کیا گیا اور پولیس کو غیر مسلح کرکے بے بس کر دیا گیا اور رینجرز کو کس نے مداخلت کرنے اور ملزمان کو گرفتارکرنے سے روکے رکھا تھا۔