بالی ووڈ کی نامور اداکارہ نصرت بھروچا نے انڈسٹری میں کردار حاصل کرنے کے پیچھے چھپی جدوجہد سے متعلق بات کی ہے۔
حال ہی میں ایمیزون پرائم اوریجنل پر ’چھوری 2‘ میں نظر آنے والی اداکارہ نصرت بھروچا نے شوبھنکر مشرا کو پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔
اداکارہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے ’نیپو کِڈ‘ کہلوانا بالکل پسند نہیں ہے کیونکہ میری اپنی ایک جدوجہد ہے۔
انہوں نے انڈسٹری میں کردار حاصل کرنے کی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انڈسٹری کو ہٹ فلمیں دی ہیں، اس کے باوجود جس مقام پر آج سوناکشی سنہا اور شردھا کپور کھڑی ہیں مجھے وہ مقام حاصل نہیں ہوا۔
ان کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جو مقام سوناکشی اور شردھا کو میسر ہے وہاں تک میں نہیں پہنچ سکتی۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انڈسٹری میں ایسے ہدایت کار بھی ہیں جن سے شردھا اور سوناکشی رابطہ کر سکتی ہیں لیکن میں نہیں کر سکتی۔
نصرت بھروچا کا کہنا ہے کہ سوناکشی اور شردھا کو والدین کے سپر اسٹار ہونے کا فائدہ حاصل ہے، یہ دنوں اداکارائیں انڈسٹری کو جانتی ہیں اور انڈسٹری میں ان کے والدین کے دوست و احباب موجود ہیں، اسی لیے یہ اداکارائیں شہرت کے اونچے مقام پر پہنچ سکتی ہیں جہاں میں نہیں پہنچ سکتی۔
نصرت بھروچا نے کہا ہے کہ سوناکشی اور شردھا وہ دروازے بھی کھٹکھٹا سکتی ہیں جن کا مجھے علم تک نہیں، اگر میں کسی ڈائریکٹر سے ملنا چاہتی ہوں تو مجھے اس کا نمبر کون دے گا؟ مجھے ڈائریکٹر کا پتہ کہاں سے پوچھنا چاہیے؟ یہ ایک بہت ہی پیچیدہ مسئلہ ہے، لیکن یہ ایک حقیقی مسئلہ ہے۔
نصرت بھروچا کا کہنا ہے کہ مجھے آفرز مل رہی ہیں مگر یہ انڈسٹری میں رہنے کے لیے بہت کم کام ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ نصرت نے اپنے کیریئر کا باقاعدہ آغاز کل کس نے دیکھا سے کیا تھا، انہیں پہلی بار اسکرین پر فلم پیار کا پنچنامہ (2011ء) میں دیکھا گیا تھا۔
دوسری جانب سوناکشی سنہا نے 2010ء میں ریلیز ہونے والی فلم دبنگ میں سلمان خان کے مدِمقابل اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
اسی طرح شردھا کپور نے اپنی پہلی فلم تین پتی سے کیریئر کا آغاز کیا تھا جو باکس آفس پر فلاپ رہی تھی لیکن پہلی فلموں کی پرفارمنس نے سوناکشی یا شردھا کے کیریئر کی رفتار کو متاثر نہیں کیا تھا۔