• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت میں کیا تحفہ چاہیے؟ ہمایوں کے جواب پر ماہرہ حیران

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے ایک انٹرویو کے دوران سوال کا ایسا جواب دیا جسے سن کر ساتھی اداکارہ ماہرہ خان حیران ہوگئیں۔

ان دنوں اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ ماہرہ خان عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اپنی فلم لوو گرو کی تشہری مہم میں مصروف ہیں اور اس دوران میڈیا سے دلچسپ انداز میں گفتگو بھی کر رہے ہیں۔

اسی دوران آن اسکرین جوڑی سے سوال پوچھا گیا کہ انہیں محبت میں کیا تحفہ چاہیے؟ تو اداکارہ نے بتایا کہ مجھے محبت میں چھوٹی چھوٹی چیزیں پسند ہیں، میں بڑی چیزوں کی خواہش نہیں کرتی ہمیشہ چھوٹی چیزیں اہمیت رکھتی ہیں جیسے چوڑیاں۔

یہی سوال جب ہمایوں سعید سے پوچھا گیا تو انہوں نے دلچسپ انداز میں جواب دے کر سب کو حیران کردیا۔

اداکار نے کہا کہ مجھے بس اپنی بیوی سے اجازت چاہیے۔ یہ سن کر ماہرہ خان ششدر رہ گئی کہ ہمایوں کیا کہنا چاہ رہے۔

ماہرہ خان کے چہرے کے تاثرات تبدیل ہوتا دیکھ، ہمایوں سعید نے اپنی بات کی وضاحت دے دی۔


انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ مجھے میری اہلیہ کہیں کہ جاؤ جو کرنا ہے، کرلو، لوٹ کر تو میرے پاس ہی آؤ گے ناں، اور میں چلا جاؤں، اتنی آزادی تو ملنی چاہیے۔

اس کے بعد میزبان نے ایک اور سوال کیا کہ آپ کے لیے کسی بھی رشتے میں سب اہم کیا چیز ہے؟ جس کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا، ’بھروسہ‘، رشتے میں بھروسے کا ہونا بہت ضروری ہے۔

اداکار کا جواب سن کر ماہرہ ایک بار پھر حیران ہوگئیں اور کہا کہ ہمایوں بہت ہوشیار ہیں، انتہائی حاضر دماغی سے جواب دے رہے ہیں پہلے انہوں نے کہا کہ مجھے بیوی سے اجازت چاہیے کہ جاؤں جو کرنا ہے کرلو اور اب کہا کہ رشتے میں بھروسہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان تقریباً 10 برس بعد پھر ایک ساتھ فلم لو گرو میں دکھائی دے رہے ہیں جو عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی جسے ندیم بیگ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

فلم میں مومنہ اقبال، جاوید شیخ، احمد علی بٹ، مرینہ خان، مانی لیاقت، رمشا خان، وردا عزیز، عثمان پیزادہ، سہائے علی ابڑو، پولش اداکارہ نتالیا جینوزیک بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید