نزلہ زکام ہو یا معدہ کے مسائل، کسی بھی بیماری سے نمٹنے کے لیے مضبوط قوت مدافعت کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگرچہ ویکسین، دوائیں اور فراہم کیا گیا علاج مریض کے جسم کو بیکٹیریا اور وائرس سےنجات دلانے میں مدد فراہم کرتے ہیں، تاہم مدافعتی نظام اس تمام بوجھ کو برداشت کرنے کی قوت حتیٰ کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایک تندرست جسم کے لئے طاقتور مدافعتی نظام بے حد ضروری قرار دیا جاتا ہے۔ انسان کیا کھاتا ہے، کیا پیتا ہے، کتنی ورزش کرتا ہے، یہ سب چیزیں قوّت مدافعت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اگر آپ فوری طور پر قوت مدافعت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں تو ذیل میں دیے گئے قدرتی اجزا کا استعمال آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
ہلدی
ہلد ی ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جس کا استعمال برسوں سےطب میں اہم تصور کیا جاتا ہے۔ یہ کئی طرح سے انسانی جسم کے لیے فائدہ مند ہے۔ اپنی اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات کے باعث ہلدی صحت کے بہت سے مسائل فوری طورپرحل کرنے یہاں تک کینسر سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
طریقہ: ایک گلاس گرم پانی میں ایک چمچ ہلدی کا پاؤڈر اچھی طرح سے مکس کرلیں اور جب یہ پانی ہلکا ٹھنڈا ہوجائے تو دن میں ایک بار اس کا استعمال کریں (خاص طور پر رات کے وقت)۔
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ غذائیت سے بھرپور اور اینٹی مائیکروبیل خصوصیات سے مالا مال ہوتاہے، جو جسم کوانفیکشن سے پاک رکھتا ہے اور قوت مدافعت میں فوری اضافے کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔ سیب میں پایا جانے والا جزو ”پیکٹن“ جب ہضم ہوجاتا ہے تو جسم میں اچھے بیکٹیریا میں تبدیل ہو جاتا ہے اور اس طرح ضدِاجسام(ANTIBODIES) اور سفید خلیات کی پیداوار بڑھ جاتی ہے، جو بیماریوں کے خلاف لڑتے ہیں۔
طریقہ: ایک چمچ سیب کا سرکہ اور شہد، ایک کپ پانی میں مکس کرکے روزانہ دن میں دو مرتبہ استعمال کریں۔
زیتون کا تیل
اگر آپ مضبوط مدافعتی نظام کے خواہشمند ہیں تو زیتون کا تیل ایک بہترین اور فائدہ مند تیل ہے۔ زیتون کے تیل میں اومیگا 6 عنصر پایا جاتا ہے، جو جسم کو کئی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے سے روکتا ہے۔ زیتون کا تیل اینٹی آکسیڈنٹ ہونے کے سبب زہریلے مادوں، انفیکشن اور دیگر جراثیم کو حملہ آور ہونے سے روکتا ہے۔
طریقہ: آدھا چمچ زیتون کا تیل روزانہ اپنی سلاد کا لازمی حصہ بنائیں۔
لیمن جوس
قوت مدافعت میں اضافے کے لئے وٹامن سی ناگزیر ہے اور ایک لیموں میں 55فیصد وٹامن سی ہوتا ہے۔ لیموں مختلف وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں موجود اجزا جراثیموں کے خلاف مزاحمت میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
طریقہ: آدھا لیموں ایک گلاس پانی میں نچوڑ لیں۔ اسے اچھی طرح سے مکس کرنے کے بعد تھوڑ سی مقدار میں شہد ڈالیں اور ایک بار پھر اچھی طرح سے ہلالیں، اس سے پہلے کہ یہ جوس کھٹا ہو دن میں دو مرتبہ استعمال کریں۔
ادرک کی چائے
ادرک میں موجو اینٹی آکسیڈنٹس انسانی جسم میں قوت مدافعت کو بہتر اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ادرک میں پایا جانے والا ’جنجرولز‘ نامی مادہ اگر چہ ادرک کے ترش ذائقے کا سبب بنتا ہے لیکن یہ اس کے طبی فوائد کی وجہ بھی ہے۔
طریقہ: تھوڑی سے ادرک کواچھی طرح کچل لیں اور ایک کپ پانی میں 5منٹ کے لیے پکنے دیں، اس کے بعد چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کریں، پھر اس میں تھوڑی سی مقدار شہد کی شامل کریں اور اچھی طرح سے مکس کر کےیہ چائے دن میں دو بار استعمال کریں۔ چائے کے علاوہ ادرک کو سلاد اور کھانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
سبز چائے
سبز چائے کے ایک نہیں کئی فوائد ہیں اس کا استعمال جوڑوں کے درد،دل کی بیماریوں اور الزائمر جیسی موذی بیماریوں کے حملے کو کم کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے۔ یہی نہیں سبز چائے میں پولی فینالک کی کافی مقدار موجود ہوتی ہے، جو سرطان جیسی موذی بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔
طریقہ: ایک کپ گرم پانی میں ایک چمچ سبز چائے ڈال کر پکنے دیں، جب یہ محلول کچھ ٹھنڈا ہوجائے تو اس میں تھوڑا سا شہد مکس کرلیں اورٹھنڈا ہونے سے قبل دن میں دو مرتبہ اس کا استعمال کریں۔
مسالہ چائے
مسالہ چائے میں ادرک، کالی مرچ، الائچی، لونگ اور دارچینی شامل ہوتی ہے۔ خوشبودار دارچینی ایسے کیمیائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہے جو ہڈیوں، پٹھوں اور ٹشوز وغیرہ کی نشوونما کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ جوڑوں کے درد کے شکار افراد کے لیے بھی بہترین دوا ہے۔ دارچینی کا مستقل استعمال شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھتا ہے اور جسم میں بیکٹیریا کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔
چھوٹی سی الائچی بڑے بڑے فائدے رکھتی ہے، یعنی یہ تیزابیت کو ختم کرتی ہے، خوابیدگی کے خمار کو کم کرتی ہے جبکہ معدے میں پانی کی مقدار کو کنٹرول کرتے ہوئے ریاح پیدا ہونے سے روکتی ہے۔ بدہضمی سے ہونیوالی گیس اور سردرد کیلئے سبزچائے میں الائچی ڈال کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔
الائچی معدے میں موجود لعابی جھلی کو مضبوط بناتی ہے، اس لیے یہ تیزابیت کیلئے مفید ہے۔ کھانسی، زکام اور سر درد میں لونگ، تلسی کے پتے اور ادرک والی چائے فائدہ کرتی ہے۔
قدرتی اجزا اور قدرتی غذاؤں کے استعمال کے ساتھ مختلف قسم کی ورزش کے ذریعے بھی قوت مدافعت بڑھائی جاسکتی ہے۔ ان کے ذریعے نہ صرف دورانِ خون صحیح رکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ موٹاپے، جوڑوں کی بیماریوں اور خاص قسم کے ذہنی عارضوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔