ذیابطیس اکیسویں صدی میں صحت ِعامہ کے لیے ایک بڑے چیلنج کے طور پر اُبھر کر سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد اس سے متاثر ہورہے ہیں اور اس کے ساتھ زندگی گزارنے والوں کی تعداد تشویش ناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ نیز، متعدد افراد میں مرض کی تشخیص سنگین پیچیدگیاں لاحق ہونے کے بعد ہوتی ہے، تب ہی کئی برسوں سے دنیا بھر میں 14 نومبر کو ’’ذیابطیس کا عالمی دن‘‘ منایا جارہا ہے۔
بین الاقوامی ادارہ برائے ذیابطیس(IDF) ہر سال یہ دن کسی نہ کسی سلوگن کے ساتھ مناتا ہے اور رواں برس کا سلوگن ہے ’’ذیابطیس کی روک تھام، بر وقت تشخیص اور فوری اقدام‘‘۔ واضح رہے، ذیابطیس ایک دائمی میٹابولک عارضہ ہے، جس میں انسولین کی کارکردگی میں کمی، انسولین کی ناکافی پیداوار یا دونوں کے سبب خون میں شوگر کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے اور پھر خون میں مسلسل بڑھی ہوئی شوگر کی سطح خون کی نالیوں اور اعصاب کونا قابلِ تلافی نقصان پہنچانا شروع کر دیتی ہے، نتیجتاًجسم کا ہر عضو متاثر ہوتا ہے۔
اس کی یوں تودو معروف اقسام ہیں، لیکن ماہرین اسے مزید 5 ذیلی گروپس میں بھی تقسیم کرتے ہیں۔ ٹائپ ون ذیابطیس نظام ِمدافعت کی بیماری ہے، جب کہ ٹائپ ٹو کا تعلق طرز ِزندگی سے ہے، جس میں جسم کی چربی انسولین کے کام کرنے کے طریقے کو متاثر کرتی ہے، ذیلی گروپس میں گروپ 1، شدید آٹو امیون ذیابطیس، ٹائپ ون جیسی ہی ہے۔
یہ مریض کو کم عُمری میں لاحق ہوتی ہے اور مدافعتی نظام کو نشانہ بنا کر انسولین پیدا کرنے کاعمل متاثر کرتی ہے۔ گروپ 2کے مریض کی ابتدائی علامات گروپ ون جیسی ہی ہوتی ہیں۔ کم عُمر، مناسب وزن اور جسم کا مدافعتی نظام ٹھیک ہونے کے باوجود جسم میں انسولین پیدا نہیں ہوتی۔ گروپ 3 کے مریضوں کا وزن زیادہ ہوتا ہے، گرچہ اُن کے جسم میں انسولین بن تو رہی ہوتی ہے، لیکن وہ اثر نہیں کرتی۔
گروپ 4 کے شکاروہ افراد ہوتے ہیں، جن کا وزن بہت زیادہ ہوتا ہے، جب کہ میٹا بولزم کے حوالے سے یہ تیسرے گروپ کے قریب تر ہوتے ہیں۔ گروپ 5 کے مریضوں میں بیماری کی علامات دیگر گروپس کے مقابلے میں زیادہ عُمر میں ظاہر ہوتی ہیں، جب کہ بیماری کی نوعیت بھی شدید نہیں ہوتی۔
بین الاقوامی ادارہ برائے ذیابطیس کے 11ویں ایڈیشن کے مطابق دنیا بھر میں 589ملین سے زائد بالغ افراد ذیابطیس کا شکار ہیں۔ یعنی ہر9میں سے ایک فرد کو یہ مرض لاحق ہے، جب کہ 250ملین افراد ایسے ہیں ،جن کامرض غیر تشخیص شدہ ہے۔ واضح رہے، اس مرض کے علاج پر سالانہ لاکھوں روپے کے اخراجات آتے ہیں اورایک اندازے کے مطابق 2050ء تک اس بوجھ میں تشویش ناک حد تک اضافے کا امکان ہے۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ مرض کا پھیلاؤ درمیانی آمدنی یا پھر کم آمدنی والے ممالک میں زیادہ ہے، جس کی وجوہ میں تاخیر سے تشخیص اور معیاری دیکھ بھال تک محدود رسائی شامل ہیں۔پاکستان کا شمار بھی ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں اس مرض کی شر ح خاصی بلند ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں 34.5 ملین افراد مرض کے شکار ہیں اور اہم وجوہ میں urbanization، موٹاپا، غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال، خاندان میں ذیابطیس کا ہونا، آگاہی کی کمی، تاخیر سے تشخیص اور مرض سے متعلق بین ا لاقوامی تعلیم تک رسائی نہ ہوناوغیرہ شامل ہیں۔ نیز، غیر تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ عموماً لوگوں کو جب کوئی بڑی پیچیدگی لاحق ہوتی ہے، جیسے ہارٹ اٹیک، اعصابی کم زوری، فالج یا پاؤں میں زخم وغیرہ، تو وہ تب ہی معالج سے رجوع کرتے ہیں۔
ذیابطیس لاحق ہونے سے قبل کا مرحلہ IGT یا’’ پِری ذیابطیس‘‘ کہلاتا ہے اور متعّدد افراد اس مرحلے میں بھی کئی برس گزار لیتے ہیں، جب کہ یہ مرحلہ ذیابطیس کی روک تھام کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ اگر مرض کی اس مر حلے ہی میں تشخیص ہو جائے ،تو فوری اقدام کی بدولت ٹائپ 2 ذیابطیس سے بچاؤ ممکن ہے یا کم ازکم اس کا ہونا موخر ضرور کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے اسکریننگ کی اہمیت دو چند ہوجاتی ہے۔
نیز،طرز ِزندگی میں مثبت تبدیلیوں کے ذریعے بہتری کے امکانات میں اضافہ ہوتا ہے۔ سو، اس ضمن میں بین الاقوامی ادارہ ذیابطیس، پرائمری کیئر ذیابطیس ایسوسی ایشن پاکستان کے ساتھ مل کر کمیونٹی مہم، میڈیا پروگرامز، اسکولز، کالجز، اسپتالوں، دور دراز علاقوں اور یہاں تک کہ شاپنگ مالز میں بھی ذیابطیس آگاہی اور اسکریننگ کے کیمپس کا اہتمام کررہا ہے۔
واضح رہے، اگر آپ کی عُمر 35سال سے زیادہ ہے، خاندان میں کئی افراد کو شوگر کا مرض لاحق ہے، جسمانی مشقّت نہ ہونے کے برابر ہے، موٹاپے، بلڈ پریشر، کولیسٹرول میں بے ترتیبی، امراضِ قلب، حمل کے دوران شوگر یا PCOs کی شکایت ہے، تو صحت مند افراد کے برعکس آپ کو ذیابطیس ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔
اسکریننگ کا عمل مرض کی تشخیص میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے لیے خالی پیٹ شوگر(FBD) ہیموگلوبن اے ون سی(HbA1C)کھانے کے بعد کی شوگر(RBS) اور گلوکوز کا ٹیسٹ کروایا جاتا ہے ، جب کہ ہائی رسک افراد میں باقاعدہ اسکریننگ بہت موثر ثابت ہوتی ہے۔ نیز، خطرے کے تعین کے لیےRapid Scoreبھی معاون ہے۔
اکثر مریضوں میں مرض کی باقاعدہ علامات ظاہر نہیں ہوتیں، جب کہ کچھ میں بار بار پیشاب آنا، وزن کم ہونا، رات کو پیشاب کے لیے کئی مرتبہ اُٹھنا، جسم اور ٹانگوں میں درد، پیشاب میں انفیکشن، تھکاوٹ اور زخموں کا دیر سے مندمل ہونا وغیرہ جیسی علامات مرض کی نشان دہی کرتی ہیں۔
یاد رکھیں، ذیابطیس سے بچاؤ کے ضمن میں صحت مند طرزِ زندگی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہےکہ منفی طرز ِعمل ہی دراصل مرض کی ابتدا کا موجب ہے۔ وقت پر سونا، جاگنا، کھانا روم ٹمپریچر پر کھانا، پانی، سبزیوں کا استعمال بڑھانا، پروٹین کے لیے انڈے، دودھ، گوشت دالوں، مچھلی کا استعمال، باقاعدہ ورزش، لوگوں کے ساتھ میل جول، تمباکو نوشی سے اجتناب اور موبائل کا استعمال کم سے کم کرکے ہم طرز ِزندگی میں بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں اور ساتھ ہی امراض کی شرح میں کمی بھی۔
متوازن غذا کے لیے ریشے دار غذاؤں ،کم چکنائی والی پروٹین، سلاد، اناج سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھائیں۔ چینی کے مشروبات، سافٹ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کا استعمال ترک کردیں۔ پروسیسڈ غذاؤں، ریفائن کاربو ہائیڈریٹس، زیادہ نمک اور سیر شدہ چکنائیوں جیسے بناسپتی گھی کا استعمال کم سے کم کریں۔ ہفتے میں 150منٹ واک لازمی کریں، بیٹھنے کے اوقات کم کردیں۔
تھوڑے تھوڑے وقف سے چہل قدمی کریں، ساتھ کچھ مزاحمت والی ورزش بھی ضرور کریں۔ اس طرح مسلز مضبوط ہوتے ہیں، مگر کھانے کے فوراً بعد ورزش نہ کریں، اس کا بہترین وقت ناشتے سے پہلے یا کھانے کے 2 گھنٹے بعد کا ہے، جس سے انسولین کی حسّاسیت میں اضافہ ہوتا ہے اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اگر آپ کا وزن زیادہ ہےتو ابتدا میں آہستہ آہستہ5 سے 10 فی صدوزن کم کریں اور اگر وزن بہت زیادہ ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ علاج کی بات کریں تو اگر فوری ادویہ لی جائیں تو خون میں شکر کی سطح جلد کم ہو جاتی ہے اور لبلبہ بہتر طور پر کام کرنے لگتا ہے اور یہ عمل پیچیدگیوں سے بچاتا ہے۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا سے رجوع کریں اور نہ ہی از خود علاج کی کوشش۔ ہمیشہ ماہرِ ذیابطیس کے مشورے پر عمل کریں۔
یاد رکھیں، صرف جلد تشخیص اور علاج ہی کافی نہیں، مسلسل نگرانی بھی اشد ضروری ہے۔ سو، ہر تین ماہ بعد ہیموگلوبن اے ون سی، گُردوں کے افعال اور کولیسٹرول وغیرہ چیک کروائیں۔ آنکھوں، پیروں کا معائنہ کروائیں اور مناسب وزن برقرار رکھیں۔ پیچیدگیوں سے بچاؤ کی لیے مرض کی تشخیص کے فوراً بعد اور سالانہ آنکھوں کے پردے کا معائنہ کروائیں۔
ہر تین ماہ بعد گُردوں کے ٹیسٹ ہونا چاہیے۔ امراضِ دل سے بچاؤ کے لیے اسکریننگ اور خطرے کے عوامل کی نشان دہی ضروری ہے۔ پاؤں کا معائنہ روزانہ خُود بھی کریں اور ہر فالو اَپ وزٹ پر ڈاکٹر سے بھی کروائیں۔ ہمیشہ مناسب جوتا پہنیں، نیا جوتا پہلے تھوڑی دیر پہن کر رواں کریں۔ کاٹن کے نرم موزے پہنیں اور پاؤں میں کسی تبدیلی کی صُورت میں فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
بد قسمتی سے ہمارے یہاں ذیابطیس سے بچاؤ کے اقدامات اور علاج حکومتی سرپرستی سے محروم ہے، حالاںکہ مرض کی تیزی سے بڑھتی شر ح کے پیش ِنظر فوری طور پر ’’نیشنل اسکریننگ پروگرامز برائے ذیابطیس‘‘ کا آغاز ہونا چاہیے۔
عوامی آگاہی مہمات کا اجراء، اسکولز، کالجزاور یونی ورسٹیز کے نصاب میں ذیابطیس اور دیگر میٹابولک امراض سے بچاؤ کی معلومات کی فراہمی اور جسمانی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے ضمن میں منصوبہ بندی نا گزیر ہے، جب کہ مرض سے متعلقہ مستقبل کی پیچیدگیوں کے بھاری اخراجات کم کرنے کے لیے کچھ فوری اقدامات لازم ہیں۔
مثلاً: پرائمری کیئر میں ذیابطیس کی معمول سے زیادہ اسکریننگ کی جائے۔ ذیابطیس کی دیکھ بھال کے لیے پیشہ ورانہ افراد کی تربیت کی جائے۔ صحت مند طرز ِزندگی کو نہ صرف فروغ دیا جائے بلکہ مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔ ایسے کلینکس قائم کیے جائیں، جہاں خاص و عام کی رسائی ممکن ہو۔ دیہی و پس ماندہ علاقوں میں مرض سے متعلق شعور وآگہی عام کی جائے۔ نیز، مریضوں کے علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جائے۔
(مضمون نگار، کالج آف فیملی میڈیسن، کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں)