• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینسر سرجن نے روزانہ کافی پینے کے حیران کن فوائد بتا دیے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی کینسر سرجن و کنٹینٹ کری ایٹر ڈاکٹر ارجن سنکرن کا کہنا ہے کہ روزانہ مناسب مقدار میں کافی کا استعمال جگر کی بیماریوں، ذیابیطس، رحم کے کینسر، پارکنسنز اور دل کی بیماریوں کے خطرات میں کمی لا سکتا ہے۔

کینسر سرجن کے مطابق بعض مطالعات میں کافی پینے والوں میں جگر کی بیماریوں سے موت کا خطرہ 49 فیصد، پارکنسنز کا خطرہ 37 فیصد اور دل کی بیماریوں اور فالج سے اموات کا خطرہ 19 فیصد کم دیکھا گیا ہے۔

تحقیقات کے مطابق روزانہ 1 کپ کافی پینے سے ذیابیطس کی دوسری قسم کا خطرہ 8 فیصد، 2 کپ سے 15 فیصد اور 3 کپ سے 21 فیصد تک کم ہونے کا تعلق سامنے آیا ہے۔

اسی طرح کافی پینے والی خواتین میں رحم کے کینسر کا خطرہ بھی 20 سے 29 فیصد کم دیکھا گیا ہے۔

سرجن نے مشورہ دیا ہے کہ روزانہ 2 سے 3 چھوٹے کپ کافی پیئیں، چینی کم استعمال کریں اور دوپہر 2 بجے کے بعد کافی پینے سے گریز کریں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ 65 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ گرم مشروبات پینے سے غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے اپنے مشروبات کو تیز گرم استعمال کرنے سے گریز کریں۔

دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی کے یہ فوائد مختلف مطالعات میں سامنے آنے والے تعلقات پر مبنی ہیں، کافی کے ان فوائد کو بیماریوں سے یقینی تحفظ نہیں سمجھا جا سکتا۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید