راکھی ساونت سیما حیدر کی حمایت میں بول اٹھیں، سوشل میڈیا پر جذباتی بیان جاری کردیا۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستانی شہری سیما حیدر ایک بار پھر بھارت میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد بالی ووڈ اداکارہ اور رقاصہ راکھی ساونت نے سیما حیدر کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں راکھی ساونت نے سیما کو ہندوستان کی بہو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیما حیدر کو پاکستان نہیں بھیجنا چاہیے کیونکہ وہ اب ہندوستان کی بہو ہے، سچن کی بیوی ہے اور ان کے بچے کی ماں ہے۔
راکھی ساونت نے مزید کہا کہ چونکہ سیما حیدر اب شادی شدہ زندگی گزار رہی ہیں اور ماں بن چکی ہیں، لہٰذا انہیں زبردستی واپس بھیجنا عورتوں کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سیما اب ہندوستانی ہو چکی ہے کیونکہ وہ سچن کے بچے کی ماں بن چکی ہے، کسی عورت کے ساتھ ایسا ظلم نہیں کرنا چاہیے۔
راکھی نے جذباتی انداز میں کہا اگر وہ ماں نہ بنی ہوتی تو شاید اسے واپس بھیجا جا سکتا تھا، مگر اب وہ ہندوستان کی بہو ہے، اس کے ساتھ غلط رویہ اختیار نہیں کیا جا سکتا، عورت کی عزت کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ سیما حیدر 2023ء میں غیر قانونی طور پر بھارت آ کر اپنے بھارتی محبوب سچن مینا سے شادی کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت میں پاکستانی شہریوں کے خلاف سخت جذبات دیکھنے کو مل رہے ہیں، جس کے تناظر میں راکھی ساونت کا یہ بیان خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔