پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز ایک بار پھر اپنے طنزیہ بیان کی وجہ سے عوامی تنقید کی زد میں آ گئے۔
اس بار تنازع قربانی کے جانوروں کی قیمتوں کے حوالے سے ان کے ایک طنزیہ تبصرے پر اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ سب کو آئی فون مہنگا لگتا ہے، لیکن جب قربانی کا جانور لینے جاتے ہیں تو ایسا لگتا ہے جیسے وہ جائیداد کے کاغذات مانگ رہے ہوں، بھائی! ذرا قربانی کا جانور لینے جائیں، سیدھے سیدھے جائیداد کے کاغذات مانگ رہے ہیں۔
نعمان اعجاز کے اس تبصرے پر عوام کی بڑی تعداد نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ قربانی ایک دینی فریضہ ہے اور اس کا موازنہ ایک لگژری چیز (آئی فون) سے کرنا نامناسب ہے۔
ایک صارف نے غصے میں لکھا کہ آئی فون خریدتے ہوئے تو کوئی نہیں کہتا کہ مہنگا ہے، لیکن جب اللّٰہ کے راستے میں خرچ کرنے کی بات آئے تو سب کو مہنگائی یاد آ جاتی ہے؟
ایک اور صارف نے کہا کہ قربانی واجب ہے، آئی فون عیاشی ہے، موازنہ ہی فضول ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا اگر استطاعت نہیں تو قربانی نہ کریں، لیکن جو لوگ قربانی کرتے ہیں، ان پر اس طرح کا طنز کرنا مناسب نہیں۔
جب کہ ایک صارف نے یاد دلایا کہ یہ سب ترجیحات کی بات ہیں، لوگ موبائلز اور برانڈڈ اشیاء پر لاکھوں خرچ کر دیتے ہیں لیکن دینی فریضے پر خرچ کرتے ہوئے انہیں تکلیف ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ نعمان اعجاز پاکستان کے مایہ ناز اداکار ہیں جنہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، وہ اپنے برجستہ تبصروں اور سماجی معاملات پر طنزیہ بیانات کے لیے بھی شہرت رکھتے ہیں۔