• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی پانی کی دھمکی کو سیاسی بیان کے طور پر نہیں لے سکتے، شبلی فراز

پارلیمان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت کی پانی کی دھمکی کو سیاسی بیان کے طور پر نہیں لے سکتے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی مسائل کا شکار ہے، وطن عزیز کے دفاع کےلیے ہم ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو توڑنے کی ہر کوشش کی ہے، نئی دہلی تو اسلام آباد کے خلاف بیانیہ بناتا رہتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ بھارت نے پارلیمنٹ سے بل منظور کروا کر کشمیر پر قبضہ کرلیا، پانی کی دھمکی کو سیاسی بیان کے طور پر نہیں لے سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام جنگ ہے، ہمارا دشمن ہم پر جان لیوا وار کرنا چاہتا ہے، دشمن تاک میں رہتا ہے کہ کس وقت وار کیا جائے، بھارت نے سمجھا کہ پاکستان شدید سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم کو ایک ہی شخص اکٹھا کرسکتا ہے، اُسے میڈیا پر 5 منٹ کی تقریر کرنے دیں، وہ کہے کہ سب مینار پاکستان آجائیں تو ایک کروڑ لوگ وہاں اکٹھے ہوجائیں، ہم واہگہ بارڈر کی طرف مارچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھارت کو ہومیوپیتھک پیغام دیے ہیں، نئی دہلی کو سخت پیغام دینا چاہیے جو صرف ایک شخص دے سکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن کرائے جائیں، ہم قرارداد جمع کرارہے ہیں کہ ثانیہ نشتر کی سیٹ پر الیکشن کرائیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، مجھ پر کیسز ہیں، ہمارے 10 ہزار ورکرز پر مقدمات ہیں، اس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے تبصرہ کیا کہ شکر کریں اتنے کیسز پر آپ گرفتار نہیں ہیں۔

قومی خبریں سے مزید