کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی انڈر18 یوتھ ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اولمپئن کامران اشرف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہونیوالے یوتھ ایشیاء ہاکی کپ میں عمدہ پرفارمنس کیلئے پر اُمید ہیں کوشش ہوگی کی ٹیم ایونٹ میں کامیابی حاصل کرے، ایونٹ 24 ستمبر سے30 ستمبر تک بنگلہ دیش میں منعقد ہوگا اس حوالے سے قومی ٹیم یوتھ ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کا آغاز13جولائی سے ہوا تھا ابتداء میں150 کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کیا گیا تھا انکی تعداد کو مرحلہ وار کم کرکے60 تک کردیا گیا ہے اس دوران شبہ ہونے پر متعدد کھلاڑیوں کے بون ٹیسٹ بھی کروائے گئے تھے اور دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال بھی کی گئی تاکہ زائد العمر کھلاڑیوں کو کیمپ سے دور رکھا جاسکے اور حق دار کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیمپ میں کھلاڑیوں بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ہیں جونیئر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں تمام150 کھلاڑیوںکو (شوز) جوتے مفت فراہم کئے گئے انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن درست سمت میں قومی کھیل کو فروغ دے رہی ہے تاکہ کھویا ہوا مقام پھر سے حاصل کیا جاسکے، انکے علاوہ کوچنگ اسٹاف میں اولمپئن مدثر علی خان، اولمپئن شبیر احمد، طارق میر، محمد خرم اور محمد رفیق شامل ہیں جو کھلاڑیوں کی بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔واضح رہے کہ تجربہ کار اولمپئن کامران اشرف1994میں عالمی ہاکی کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔