مجھے مزدوروں پر مضمون لکھنے کا ہوم ورک ملا ہے۔
ہماری ٹیچر نے کہا ہے،
سب سے مظلوم طبقے کے بارے میں لکھیں،
میرے بیٹے نے بتایا۔
غریب ہاریوں کے بارے میں لکھنا چاہیے۔
وہ بہت مظلوم ہوتے ہیں،
میں نے تجویز دی۔
کوئلے کے کان کنوں پر لکھنا چاہیے۔
ان کی زندگی بدترین ہوتی ہے،
بیٹی نے مشورہ دیا۔
بھٹا مزدوروں سے متعلق لکھنا چاہیے۔
وہ غلاموں جیسی زندگی گزارتے ہیں،
میرے بھائی نے خیال ظاہر کیا۔
بعض مزدور اتنے مظلوم ہوتے ہیں
کہ انھیں مزدور بھی نہیں مانا جاتا،
میری بیوی نے روٹی توے پر ڈالتے ہوئے کہا۔