• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: موٹر سائیکل سوار پر تشدد، عینی شاہد نے مقدمہ درج کروایا

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار کو بہنوں کے سامنے تشدد کے واقعے سے متعلق عینی شاہد نے تفصیلات بتا دیں، شہری سلیم نے ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا۔

ڈیفنس خیابان اتحاد کمرشل میں شہری پر تشدد  کے واقعہ کے عینی شاہد محمد سلیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  میرے سامنے موٹر سائیکل کی گاڑی سے ہلکی ٹکر ہوئی، گارڈ اور ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار پر شدید تشدد کیا۔

عینی شاہد محمد سلیم  کا کہنا ہے کہ ان افراد کو نہیں جانتا مگر ذمہ دار شہری کی حیثیت سے مقدمہ درج کروایا۔

دوسری جانب ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار کو بہنوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزم سلمان فاروقی کو گذری تھانہ منتقل کردیا گیا۔

اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزم کے دفتر اور گھر پر بھی چھاپے مارے گئے، ملزم سلمان فاروقی شہری پر تشدد میں ملوث ہے، ملزم کو 24 گھنٹے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، قرار واقعی سزا دی جائے گی، گرفتار ملزم سلمان فاروقی کا بیان لیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی اسد رضا کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے شہری پر تشدد کیا، مقدمہ واقعے کے وقت موجود ایک شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، تشدد کے شکار شہری سے رابطہ کیا جا رہا ہے، ویڈیو بنانے والے شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، عینی شاہد اور متاثرہ شہری کا بیان بھی مقدمے کا حصہ بنایا جائے گا، ہم اچھا کیس تیار کریں گے اور اس کو مثالی کیس بنائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید