کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قطر پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دونوں اطراف کھیل رہا ہے ،یہ بیان اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ بندی مذاکرات کے تناظر میں دیا گیا، قطر نے ان بیانات کو ”اشتعال انگیز“ قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو شہریوں کیخلاف جرائم کا جواز نہ گھڑیں ،قطری وزارت خارجہ نے سوال اٹھایا کہ کیا 138 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی عسکری کارروائی سے ممکن ہوئی یا ان ہی ثالثی کوششوں سے، جنہیں اب تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اتوار کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ریاستِ قطر اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے اشتعال انگیز بیانات کو یکسر مسترد کرتی ہے جو سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری کے بنیادی اصولوں کے مطابق نہیں ہیں۔ماجد الانصاری نے ”تہذیب“ کے دفاع کے اسرائیلی بیانیے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ان تاریخی حکومتوں سے تشبیہ دی جو جھوٹے بیانیے کے ذریعے عام شہریوں کے خلاف جرائم کا جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔