لاہور (رپورٹ:عیشہ آصف) سیاسی و عسکری رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارت ہماری سلامتی کا دشمن ہے لیکن منظم عسکری قیادت کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ،ان خیا لات کا اظہارمیر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی(جنگ گروپ آف نیوز پیپرز)،پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی اور خوشحال پاکستان کے زیرِ اہتمام خصوصی سیمینار ’ہندوستان کا شاطرانہ رویہ اور ہمارے سپہ سالار کا مثبت کردار‘میں کیا۔ صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کی۔چیف گیسٹس لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل (نائب صدر PESS، چیئرمین خوشحال پاکستان، سابق چیئرمین NDMA، ہلال امتیاز ملٹری) تھے۔گیسٹ آف آنرز اقلیتی امور کے وزیر رمیش سنگھ اروڑااور ندیم کامران (بشپ آف لاہور) تھے۔حرف آغاز چیف آرگنائزر PESS ملک عزیز احمد اعوان نے کیا۔دیگر مہمانوں میں شازینہ فاضل،محمد یعقوب سابق آئی جی،رئیس انصاری،پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرہ کاظمی ،میجر خان زادہ محمد علی،حمیرا خان ،کرن بٹ شامل تھے۔میزبان چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے سر انجام دیے۔سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بھارت کا اصل مسئلہ پاکستان کے وجود سے ہے۔اگر بھارت پانی روکنے یا آبی جارحیت کی کوشش کرے گا تو یہ عمل جنگی اقدام کے زمرے میں آئے گا، بھارتی کوششیں سندھ طاس معاہدے اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوں گی۔ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں۔