کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا 14واں کانووکیشن ہفتے کے روز گورنر ہاؤس سندھ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت گورنر سندھ و چانسلر یونیورسٹی سید محمد نہال ہاشمی نے کی، جبکہ وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ کاری سید مصطفیٰ کمال تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز اور بیچلرز کی ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں 7گولڈ، 16سلور اور 32برونز میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اس سال آخری سال کے 618 طلبہ میں سے 528 نے کامیابی سے اپنی تعلیم مکمل کی، جس کی شرح 85.4 فیصد رہی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور عوامی جمہوریہ چین کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر فینگ دہینگ نے بطور مہمانان اعزازی شرکت کی۔ حکومت سندھ کے سیکریٹریز، سینیٹ اور سنڈیکیٹ کے اراکین، اساتذہ، والدین اور فارغ التحصیل طلبہ بھی تقریب میں موجود تھے۔بطور چانسلر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی ترقی اور کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ کی خدمات اور انٹرپرینیورشپ و اسٹارٹ اپس کے شعبوں میں طلبہ اور گریجویٹس کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین کی سربراہی میں داؤد یونیورسٹی نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی نمایاں ترقی پر وائس چانسلر، اساتذہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ گورنر سندھ نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ داؤد یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ سندھ اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ کاری سید مصطفیٰ کمال نے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور محنت کو سراہتے ہوئے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے والدین کو بھی مبارک باد پیش کی اور گریجویٹس کی تعلیم و تربیت میں وائس چانسلر اور اساتذہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے کہا کہ یونیورسٹی کے یہ نتائج چار سال قبل شروع کی گئی طلبہ کی تعلیمی و عملی زندگی اور گریجویٹس کی کامیابی سے متعلق سہ جہتی حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے گریجویٹس کی کامیابی قرار دیتی ہیں، جو انسانی سرمائے کی ترقی میں یونیورسٹی کی سرمایہ کاری کا مظہر ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ گریجویٹس کی ملازمت کے حصول کی شرح 78 فیصد سے بڑھ کر 82.5 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ رواں بیچ کے 429 فارغ التحصیل طلبہ پہلے ہی معتبر اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سال 673 طلبہ نے داؤد یونیورسٹی کے تعاون سے گوگل اور IOSH کی مائیکرو ڈگریاں حاصل کیں، جبکہ یونیورسٹی نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) میں پانچ اسٹارٹ اپس کی بھی سرپرستی اور معاونت کی ہے۔داؤد یونیورسٹی THE امپیکٹ رینکنگز 2026 میں پائیدار ترقی کے 17 میں سے 12 اہداف (SDGs) میں شامل ہے، جبکہ QS ایشیا یونیورسٹی رینکنگز 2027 میں جنوبی ایشیا میں مشترکہ طور پر 229ویں پوزیشن پر ہے۔ یونیورسٹی کے 45 فیصد طلبہ وظائف پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس سال مجموعی طور پر پہلی پوزیشن اور چھ میں سے پانچ فیکلٹیز کی ٹاپ پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ کانووکیشن کے موقع پر بیچ 22F، شعبہ کمپیوٹر سائنس کی طالبہ ہاجرہ خالد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جو فیکلٹی گولڈ میڈلسٹ اور اپنے شعبے میں پہلی پوزیشن کی حامل تھیں، تاہم کانووکیشن سے قبل انتقال کر گئی تھیں۔ تقریب کے شرکاء نے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔