• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم کا مشن اور وژن آگے بڑھانا سب کی ذمہ داری، گورنر سندھ

کراچی (نیوزڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مشن اور وژن کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 150ویں یومِ پیدائش کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لئے یکم سے 25 دسمبر تک تقریبات کا ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ ان تقریبات میں نوجوانوں، طلبہ، خواتین، اساتذہ، دانشوروں، کاروباری شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شریک کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے بتایا کہ یکم دسمبر کو گورنر ہاؤس میں قائم قائداعظم فاریسٹ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس موقع پر ’’قائد کا جوان، پاکستان کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام بھی منعقد ہوگا، جس میں بالخصوص آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو شریک کیا جائے گا اور انہیں قائداعظم کے پیغام اور وژن سے روشناس کرایا جائے گا۔2 دسمبر کو قائداعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن کا دورہ کیا جائے گا اور وہاں کے مقامی رہائشیوں سے ملاقات کرکے بانیٔ پاکستان سے وابستہ تاریخی یادوں کو تازہ کیا جائے گا۔5 دسمبر کو سندھ کلچرل ڈے کے حوالے سے ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے کے لئے گورنر ہاوس میںتقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ جبکہ اسی روز انڈس یونیورسٹی میں سیمینار اور کانووکیشن بھی منعقد ہوگا۔ 6 دسمبر کو کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں سیمینار اور کانووکیشن جبکہ 7 دسمبر کو محمد علی جناح یونیورسٹی میں قومی سمپوزیم منعقد ہوگا۔9 دسمبر کو جامعہ سندھ، جامشورو میں ’’قائداعظم اور قیامِ پاکستان میں طلبہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر پروگرام منعقد ہوگا۔ 10 دسمبر کو قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، نوابشاہ میں ’’ترقی پسند پاکستان کے لئے قائداعظم کا وژن‘‘ کے عنوان سے سیمینار ہوگا۔ 11 دسمبر کو آئی بی اے سکھر میں ’’جناح کے نقشِ قدم پر‘‘ کے موضوع پر سیمینار جبکہ 12 دسمبر کو شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، خیرپور میں سیمینار اور کانووکیشن منعقد ہوگا۔گورنر سندھ نے مزید بتایا کہ 13 دسمبر کو گورنر ہاؤس سے گرینڈ قائداعظم میراتھن کا آغاز ہوگا۔ اسی روز شام کو گورنر ہاؤس میں 19ویں علمی اردو کانفرنس کی اختتامی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

ملک بھر سے سے مزید