کراچی(نیوزڈیسک)اسرائیل نے یمن، لبنان اور شام کے ساتھ ساتھ غزہ پر بھی ایک ہی دن میں حملے کیے، غزہ پر پیر کے روز فضائی حملوں میں کم از کم 54فلسطینی شہید ہوگئے۔قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کے 20لاکھ سے زائد افراد کو ایک نئی زمینی کارروائی کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کر دیا جائے گا، اسرائیل کی جانب سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کو 65روز مکمل ہوگئے ہیں۔غزہ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ غزہ کے ہسپتال 48گھنٹے بعد تمام سہولیات سے محروم ہوجائیں گے، اور ہزاروں بیماروں اور زخمیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 52ہزار 567فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، ایک لاکھ 18ہزار 610زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری میڈیا آفس نے شہدا کی تعداد 61ہزار 700سے زائد بتائی ہے اور کہا ہے کہ ملبے تلے دبے ہزاروں افراد کو مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔ایک اندازے کے مطابق 7اکتوبر 2023کو حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے، اور 200سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔30اسرائیلی جنگی طیاروں کا یمن کے الحدیدہ پر حملہ اسرائیل کے 30جنگی جہازوں نے یمن میں الحدیدہ پر فضائی حملہ کیا، یہ حملہ تل ابیب کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے میزائل حملے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔