پاکستان کی جانب سے 10 مئی کی علی الصبح بھارت کے خلاف کیے جانے والے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ نے بھارت میں تباہی مچادی۔
اس تباہی کا اعتراف خود بھارت نے بھی کر لیا، کل تک جو بھارتی چینل بےبنیاد باتیں کر رہے تھے اور اسکرین پر جھوٹ بیچ رہے تھے آج وہی صحافی پاکستانی ایئر فورس اور پاکستان کے دفاعی صلاحیت کی تعریف کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ایئربیسز سمیت کئی ایئر فیلڈز کو تباہ کیا ہے اور ملٹری چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا اور سرسہ ایئرفیلڈز بھی تباہ کرتے ہوئے اڑی سپلائی ڈپو کو بھی تباہ کر ڈالا ہے۔
بڑے پیمانے پر نقصان دیکھ کر جہاں سوشل میڈیا سر پر اٹھانے والے بھارتی آج خاموش، ڈرے سہمے نظر آ رہے ہیں وہیں اب بھارتی صحافیوں نے بھی رپورٹنگ کا زاویہ بدل کر اپنی توپوں کا رُخ اپنی ہی جانب موڑ لیا ہے۔
ایسی صورتحال میں سوشل میڈیا پر بھارتی چینلز کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں بھارتی نیوز چینلز پر پاکستان کی جوابی کارروائی کو دکھایا جارہا ہے۔
اس ویڈیو کو دیکھتے ہوئے بھارتی اینکر دوسرے ساتھی اینکر سے سوال کر رہا ہے کہ ہمیں بتایا جا رہا تھا کہ پاکستان اس میزائل کو آخر میں استعمال کرے گا لیکن اب دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان تو شروع میں ہی اس میزائل کو استعمال کر رہا ہے۔
اس پر دوسرے اینکر کا لائیو ٹرانسمیشن کے دوران کہنا ہے کہ ’میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ پاکستان کے پاس میزائل کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے اور وہ میزائل اس سے بھی زیادہ کارگر ہیں‘۔
اینکر نے مزید کہا کہ اس میزائل کا مقصد بھارت کی ایئرڈیفنس سسٹم کا سراغ لگانا بھی ہوسکتا ہے۔