کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پاکستان نےثابت کردیا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے مگر کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کا انداز بھی جانتا ہے، بھارت نے دہشتگردی کے ایک بے بنیاد الزام کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف غیر قانونی، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کا مظاہرہ کیا۔مگر پاکستان کے تاریخی اور جرات مندانہ جواب کے بعد بھارت کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا تو وہ جنگ بندی پر مجبور ہوگیا، پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد جاری ہے اور بھارت ہمیشہ سے اس تحریک کو کچلنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا ہے۔بھارت کو اس بات کا احساس کرنا چاہئے کہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے۔ یہ فیصلہ اُس تاریخی اور جرات مندانہ جواب کے بعد آیا جو پاکستان نے آج صبح دشمن کو دیا۔ہم ربِ کریم کے شکر گزار ہیں کہ اس جنگ کا خاتمہ ہوا، کیونکہ جنگ صرف تباہی اور معصوم جانوں کا ضیاع لاتی ہے۔