بالی ووڈ ادکارہ و گلوکارہ شہناز گل بلڈ پریشر کم ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہو گئیں، جس پر ان کے بھائی شہباز بدیشہ نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو کال کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں شہناز اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی ہیں۔
بگ باس سیزن 13 میں شرکت کے بعد گھر گھر پہچان بنانے والی شہناز گل بیمار ہیں اور اسپتال میں داخل ہیں، انہوں نے حال ہی میں مداحوں کو اپنی موجودہ صحت کی ایک جھلک دکھائی، جس سے وہ تشویش میں مبتلا ہو گئے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اداکارہ اور گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ بلڈ پریشر کم ہونے کا شکار ہیں اور صحت یابی کے لیے انہیں ڈرپ لگائی جا رہی ہے۔
شہناز گل کے بھائی شہباز بدیشہ نے شہناز کے ساتھ ویڈیو کال کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں وہ اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی ہیں اور کیپشن میں لکھا ہے کہ جلد صحت یاب ہو جاؤ۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ شہناز گل کو صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے، 2023ء میں فلم تھینک یو فار کمنگ کی تشہیر کے دوران وہ کھانے کے شدید انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔
اس موقع پر ایک انسٹاگرام لائیو کے دوران انہوں نے ممبئی کے کوکیلابین اسپتال میں اپنے بستر سے مداحوں کو زیرِ علاج ہونے کا بتایا تھا۔
اس سے قبل اداکار کرن ویر مہرا نے اسپتال میں شہناز گل سے ملاقات کی اور بعد میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے کیمرہ شہناز گل کی طرف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ لوگوں سے بس یہ چاہیے کہ آپ سب اس لڑکی کے لیے بہت دعا کریں تاکہ یہ پوری توانائی کے ساتھ جلد از جلد واپس آ جائے۔
اس بات پر بستر پر لیٹی ہوئی اداکارہ شہناز گل مسکرائیں اور شرما کر اپنا چہرہ چھپا لیا اور اس کلپ کا اختتام ہنستے ہوئے انہوں نے اس بات پر کیا کہ یہ مجھے ہنسا رہے ہیں۔
شہناز گل اپنی پہلی پنجابی فلم اک کڑی کے ساتھ فلم پروڈکشن میں قدم رکھ رہی ہیں، اس فلم کی ہدایت کاری امر جیت سنگھ سارون نے دی ہے اور یہ رایا پکچرز اور امور فلم پریزنٹس کے تحت مشترکہ طور پر پروڈیوس کی گئی ہے۔
فلم مضبوط خواتین کی کہانی پیش کرتی ہے، ستمبر 2025ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں نرمل رشی، ادے بیر سندھو اور ہربی سنگھا اہم کرداروں میں ہیں۔
اس پروجیکٹ میں شہناز گل نے ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ ایک پروموشنل ٹریک پر کام کیا ہے جس سے فلم کے لیے توقعات بڑھ گئی ہیں۔
بالی ووڈ ادکارہ و گلوکارہ شہناز گل آخری بار مقبول میوزک ویڈیو سجنا وے سجنا میں نظر آئی تھیں جسے سنیدھی چوہان اور دویا کمار نے گایا تھا۔
اس میوزک ویڈیو نے اپنے دلکش میوزک اور شہناز کی پرجوش پرفارمنس کی وجہ سے آن لائن لاکھوں ویوز حاصل کیے، انہوں نے کسی کا بھائی کسی کی جان اور تھینک یو فار کمنگ میں اپنی اداکاری سے بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنائی ہے۔