انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) سے سزاوار قرار دیے گئے اراکین کو آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجرمانہ سزا پر اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ سے کسی رسمی توثیق یا حوالہ جات کی ضرورت نہیں رہتی، آرٹیکل 63 ون کی شق جی اور ایچ کے اطلاق سے مجرم رکن کی نااہلی ناگزیر قانونی امر بن جاتا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آرٹیکل 63 ون اے سے پی تک بیان کردہ نااہلیوں کو 2 حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے، پہلی قسم میں رکن کی نا اہلی کے لیے اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کی رضا مندی ضروری ہوتی ہے، دوسری قسم میں اسپیکر، چیئرمین سینیٹ یا ای سی پی کے کسی تعین کی ضرورت نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اراکین کو انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے قصوروار ٹھہرایا گیا ہے، آئین کی شق 63 اور الیکشنز ایکٹ 2017ء کا سیکشن 232 ایسے افراد کو نااہل کرنے کے لیے کمیشن کو پابند کرتا ہے۔