بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی ایٹمی صلاحیت مؤثر انداز میں منوالی، آپریشن سندور جیسے اقدامات بار بار دہرانے سے نتیجہ نہیں بدلے گا، ایسا اقدام دہرایا گیا تو بھارت کو صرف 100 گھنٹوں میں ناکامی کا سامنا ہو گا۔
بھارتی اخبار نے سفارتی اور جنگی سطح پر پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے مودی سرکار کی سفارتی اور جنگی ناکامی پر مضمون شائع کر دیا۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت کو کسی پڑوسی ملک کی حمایت حاصل نہیں ہو سکی، یورپی یونین کے ساتھ بھی بھارت کی سفارتی کشیدگی ظاہر ہو گئی، روس کی بے رخی نے بھارت کی خارجہ پالیسی کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا۔
اخبار نے لکھا ہے کہ آپریشن سندور کی قانونی حیثیت پر عالمی سطح پر شکوک و شبہات ابھر رہے ہیں، بھارتی حکمراں طبقہ مکمل طور پر امریکی مفادات کے تابع ہو چکا ہے، امریکی ثالثی کے بعد بھارت کی قیادت مایوسی اور انکار کی کیفیت میں مبتلا ہے۔
بھارتی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ بار بار کی عسکری مہم جوئی سے ناصرف اثر ختم بلکہ قیادت پر عوام کا اعتماد بھی متزلزل ہو گا، کچھ ہی عرصے بعد نئی فوجی حکمتِ عملی کا خواب دیکھنا بند کرنا ہو گا، پاکستان ماہر ملک ہے، پاکستان جلد ہی بھارتی حکمتِ عملی کا مؤثر جواب تیار کر لیتا ہے۔
اخبار نے لکھا کہ بھارت کو اپنی ناکام قیادت پر نظرِ ثانی اور پاکستان کی جوابی صلاحیت کا ادراک کرنا ہو گا۔