سندھ ہائی کورٹ میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار و دیگر کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، پراسیکیوشن نے درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل کےلیے مہلت کی استدعا کردی۔
وکیل صفائی عامر منصوب نے کہا کہ ہم بھی اپیل کے خلاف دلائل دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہم ابھی آپ کو نہیں بلکہ صرف اپیل کنندہ اور پراسیکیوشن کو سنیں گے، ابھی تو درخواست کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ بھی نہیں ہوا۔
وکیل صفائی عامر منصوب نے کہا کہ مدعی کے انتقال کے بعد بیٹے نے اپیل دائر کی، متاثرہ شخص یا ان کے قانونی وارث اپیل دائر کرسکتے ہیں۔
دو مقدمات سرکاری مدعیت میں ہیں، یہ اپیل کیسے دائر کرسکتے ہیں؟ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں نقیب اللّٰہ نام کا کوئی شخص نہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ تکنیکی معاملہ ہے اس کو بعد میں دیکھ لیں گے، عدالت کے روسٹر کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر رہے ہیں، اگر یہی روسٹر جاری رہا تو ہم اپیلیں سن لیں گے۔
سندھ ہائی کورٹ نے اپیلوں کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عدالت نے 2023ء میں عدم شواہد پر راؤ انوار سمیت 18 ملزمان کو بری کردیا تھا۔