• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجانی میں ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ مقابلہ، پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی ہو گیا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سرجانی میں ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ، ایک زخمی ہو گیا،شاہراہ نور جہاں اور پاک کالونی پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 5 زخمی ملزمان سمیت 15ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ برآمد کر لیا ،تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کنیز فاطمہ میں شاہین فورس کے اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے مابین مبینہ مقابلے میں پولیس کانسٹیبل محمد فاروق سینے پر گولی لگنے جبکہ پولیس کانسٹیبل صفدر پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے ، دونوں اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج کانسٹیبل محمد فاروق ولد شفیع محمد نے دم توڑ دیا ، دریں اثنا شاہراہ نور جہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی ٹینکی گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک زخمی ملزم سمیت دو ملزمان امداد عرف یونس عرف اشفاق ولد رستم علی عرف محمد غلام عرف رفیق اور محمد علی ولد نور اسلام کو گرفتار کر لیا ،ساتھی معراج ولد ہاشم فرار ہوگیا ،ملزمان کے قبضے سے 30بور پستول ، دو موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے ،پاک کالونی پولیس نے پرانا گولیمار ندی کنارے منشیات فروشوں کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 4 زخمی ملزمان اور خاتون سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا،پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے گروہ کے کارند ے بھی شامل ہیں ، پولیس نے 45کلو چرس، 2کلو کرسٹل، 1کلو ہیروئن، 30 اعلیٰ کوالٹی کے کوکین کیپسول، 13غیر قانونی پستول، 1کیمیکل مکسچر مشین اور ایک لاکھ روپے برآمد کئے ہیں ، گرفتار ملزمان میں محمد نعیم ، محمد ریاض ،فضل اور کبیر اور اہم کارندوں میں نعیم عرف ڈاڈا ، مزمل ولد محمد نعیم،محمد شاہد ولد یاسین، مرمل احمد ولد سلیم احمد، محمد یونس ولد مولا بخش،حارث ولد کریم بخش، صالح محمد عرف سلو،محمد احسان عرف مولا، راقب ولد محمد اصغر، ایمان زوجہ مزمل احمد شامل ہیں۔