کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 میں کروڈ آئل کا ٹینکر الٹ گیا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق لانڈھی نمبر 4 چورنگی کے پاس کروڈ آئل کا ٹینکر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گیا، ٹینکر آدھا کروڈ آئل سے بھرا ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ٹینکر الٹنے سے کچھ کروڈ آئل سڑک سے بہہ کرنالے میں گر گیا، اس موقع پر آئل جمع کرنے کےلیے شہری نالے میں کود گیا اور کین بھر بھر کر موٹر سائیکل پر لے گئے۔
پولیس نے ٹینکر ڈرائیور کو حراست میں لے کر لانڈھی تھانے منتقل کردیا اور جائے حادثہ کو پولیس اور رینجرز نے گھیرے میں لیکر عام ٹریفک کےلیے بند کردیا۔
لانڈھی نمبر 4 چورنگی سے ٹریفک کو سروس روڈ پر منتقل کیا گیا۔
ٹریفک پولیس نے ٹینکر کو ہٹانے کےلیے ہیوی مشینری بلائی اور کروڈ آئل کو پہلے خالی ٹینکر میں منتقل کیا، پھر سڑک پر جمع ہونے والے آئل پر مٹی ڈال ڈالی گئی۔
4 گھنٹے بعد آئل ٹینکر کو سیدھا کرکے سڑک سے ہٹادیا گیا، جس کے بعد ٹریفک کو بحال کردیا گیا۔