انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے معاشی استحکام و ترقی میں تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد سے متعلق معاشی اصلاحات اور مثبت نتائج پر اظہارِ اطمینان کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، میکرو اکنامک سطح پر اصلاحات کے ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات میں بھی تیزی لائی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ایم ڈی آپریشنز ورلڈ بینک اینا بیجر ڈی کی قیادت میں وفد کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سے ایم ڈی آپریشنز ورلڈ بینک اینا بیجر ڈی کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور ایک اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا، ورلڈ بینک کی کنٹری پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان میں20 ارب ڈالر سے زائد ترقیاتی سرمایہ کاری ہوگی، ورلڈ بینک کی ترقیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات کے حصول کیلئے عملی اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2022 میں پاکستان میں سیلاب سے لاکھوں لوگوں کا روزگار اور املاک متاثر ہوئیں، عالمی بینک نے2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان میں متاثرین کی مدد کی۔
ایم ڈی آپریشنز ورلڈ بینک نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شعبے میں حالیہ کارکرگی اور استحکام مثالی ہے، پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام کیلئے مثبت اقدامات سے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا، کنٹری پارٹنر شپ کے مثبت نتائج کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔
ملاقات میں پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین، وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ شریک تھے۔