• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باوجود علی خان بھارتی ویب سیریز میں نمایاں

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد ہونے کے باوجود بھی پاکستانی اداکار علی خان نئی بھارتی ویب سیریز میں نمایاں کردار ادا کرتے نظر آئے۔

پاک بھارت کشیدگی کے دوران 9 مئی کو نیٹ فلکس پر بھارتی ویب سیریز ’دی رائلز‘ ریلیز ہوئی جس میں پاکستانی اداکار علی خان نے شاہی سازشوں اور اقتدار کی کشمکش میں گرفتار ’نواب آف ڈھونڈی‘ کا اہم کردار ادا کیا۔

سیریز میں دیگر اداکاروں کی نسبت علی خان کی کارکردگی نمایاں رہی اور اُنہوں نے ناظرین و ناقدین سے یکساں داد وصول کی جبکہ اگر پوری سیریز کی بات کی جائے تو شائقین نے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

علی خان کی بھارتی ویب سیریز میں زبردست اداکاری نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور کئی سوشل میڈیا صارفین پاکستانی مواد اور فنکاروں پر بھارت کی جانب سے مکمل پابندی عائد کرنے کا مشورہ دیتے نظر آ رہے ہیں۔

بھارتی حکام نے بھارتی فلموں کے پوسٹرز سے پاکستانی اداکاروں کے نام اور چہروں کو ہٹا دیا، پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بلاک کر دیا یہاں تک کہ پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا پلیٹ اکاؤنٹس کو بھی بھارت میں بلاک کر دیا ہے۔

ایسی صورتحال میں ایک اعلیٰ بجٹ والی بھارتی ویب سیریز میں علی خان کی نمایاں موجودگی کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید