پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی خان نے ممبئی چھوڑ کر کراچی میں رہائش اختیار کرنے کی وجہ بتا دی۔
علی خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کے ساتھ اپنے گہرے رشتے کے بارے میں بات کی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں پیدائش میری کراچی میں ہوئی پرورش میں نے ممبئی میں پائی جبکہ شہریت میرے پاس برطانیہ کی ہے۔
اداکار نے بتایا کہ یہ تینوں ممالک میرے لیے گھر ہیں اور میں نے تینوں ہی ممالک میں بہت وقت گزارا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں پہلے کراچی میں رہتا تھا پھر میں اپنے والدین کے ساتھ انگلینڈ چلا گیا تھا اس کے بعد اپنے ننھیال میں ممبئی چلا گیا۔
علی خان نے بتایا کہ پھر جوانی میں موہاٹہ پیلیس میں ہونے والے ایک کنسرٹ کی میزبانی کرنے کے لیے کراچی آیا اور پھر مجھے کراچی سے اور اپنی ہونے والی بیگم سے عشق ہو گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ بیگم سے پہلی ملاقات کے کچھ عرصے بعد ہی ان سے شادی کر لی، شادی کے بعد بیگم کو ساتھ لے کر ممبئی گیا پھر ممبئی سے ہم لندن چلے گئے اور آخر میں ہم نے کراچی میں رہائش اختیار کر لی۔
اداکار نے کراچی میں رہائش اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں کراچی میں پیدا ہوا ہوں، مجھے کراچی سے عشق ہے، کراچی رہنے کے لیے بہت بہترین جگہ ہے جیسا طرزِ زندگی رہنے کے لیے یہاں میسر ہے دنیا میں کہیں نہیں ملے گا۔