وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بھارت دو چار دن پاکستان کا پانی روک سکتا ہے، جب ڈیم بھر جائیں تو پانی چھوڑنا پڑتا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان کا پانی روکنے کی صلاحیت ہے نہ گنجائش، بھارت کے پاس پاکستان کا پانی روکنے کا اسٹرکچر نہیں، بھارت کے ساتھ جب کبھی انگیجمنٹ ہوئی تو مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدہ پر بات ہوگی۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ ہمیں کوئی معاشی نقصان پہنچا سکتا ہے، مودی نے آپریشن سندور کو سیاسی طور استعمال کرنا شروع کردیا ہے، بھارت جنگ ہار اور پاکستان جنگ جیت چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا ہندوتوا اور آر ایس ایس کا مائنڈ سیٹ ہے، مودی حکومت نے بھارت میں اقلیتوں کو دیوار سے لگادیا ہے، بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں اور وہاں آزادی اظہار رائے نہیں، جب تک بھارت میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں معاملات بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے۔
وزیر مملکت قانون و انصاف نے کہا کہ بھارت نے بزرگوں، بچوں اور خواتین کو ٹارگٹ کیا، یہ جنگی جرائم ہیں، تمام انٹرنیشنل فورمز پر جائیں گے اور یہ معاملہ اٹھائیں گے، سفارتی سطح پر بھی بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے اور کر بھی رہے ہیں، بھارت نے جو حملے کیے اس کا جواب تو اسے دے دیا گیا ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی آئے گی، حکومت نے کم وقت میں معاشی سطح پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت سے متعلق آئندہ دنوں میں اچھی اور مثبت خبریں آئیں گی۔